پرائس کنٹرول کمیٹی کامختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں ،معیار کا جائزہ لینے کیلئے دورہ

بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز سمیت دیگر کو گراں فروشی کرنے پرہزاروں روپے جرمانے ، دو کیخلاف مقدمات ،ایک کو جیل بھجوا دیا گیا دکانداروں کے خلاف ملنے والی شکایات پر طے شدہ میکنزم کے مطابق بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ‘ میاں عثمان کی گفتگو

جمعرات 22 جون 2017 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں میں بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز ، جنرل سٹورز ،پھلوں ،سبزیوں اور گوشت کی دکانوں پر قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا ، گراں فروشی کرنے پر 10کوجرمانے ، دو کے خلاف مقدمات کا اندراج جبکہ ایک کو جیل بھجوا دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے ملتان روڈ پر واقع مختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں میں واقع بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کا دورہ کرکے اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا جبکہ پیک کر کے فروخت کی جانے والی مختلف اشیاء کا وزن بھی چیک کیا گیا ۔ چھاپہ مار ٹیم نے سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی دکانوں سمیت جنرل سٹورز پر بھی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا اورساری کارروائی میں مجموعی طور پر 10افراد کو ہزاروں روپے جرمانے ،دو کے خلاف مقدمے کا اندراج جبکہ ایک کو جیل بھجوا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی انتظامیہ کو جرمانے کے ساتھ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کے حوالے سے سخت تنبیہ بھی کی گئی ۔چھاپہ مار ٹیم نے معیار کے برعکس زائد وصول کی جانے والی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں کم کر ادیں۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنے طور پر خریداری کر کے قیمتیں چیک کرتے ہیں بلکہ عوام کی طرف سے دکانداروں کے خلاف ملنے والی شکایات پر بھی طے شدہ میکنزم کے مطابق بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔

چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران منافع خوری کرنے والے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز ،جنرل سٹورز، سبزی پھل فروشوں اور گوشت فروخت کرنے والوں کو لاکھوں روپے کے جرمانے کئے جا چکے ہیں جبکہ متعدد کے خلاف مقدمات کا اندراج اور انہیں جیل بھی بھجوایا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :