اینٹی نارکوٹکس فورس کی18ملک گیر کارروائیوں کے دوران منشیات کے جرائم میں ملوث 22 ملزمان گرفتار، 6.164ٹن منشیات برآمد کر لی،8 گاڑیاں ضبط

جمعرات 22 جون 2017 19:02

اینٹی نارکوٹکس فورس کی18ملک گیر کارروائیوں کے دوران منشیات کے جرائم ..
کوئٹہ۔22جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 18 ملک گیر کارروائیوں کے دوران 14.5 ارب روپے بین الاقوامی مالیت کی 6.164 ٹن منشیات برآمد کر لیں۔ ان کارروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 22 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 8 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 5043 کلو گرام افیون، 957 کلو گرام ہیروئن ، 157 کلو گرام چرس ،3.2 کلو گرام ایمفیٹا مائن، 3.64 کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن اور 30 گرام کوکین شامل ہے۔

اے این ایف کوئٹہ نے کلہ عبداللہ اور چاغی میں خفیہ اطلاعات پر مبنی2 الگ الگ کاروائیوں کے دوران 6.040 ٹن منشیات قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے ضلع کلہ عبداللہ میں کی گئی بڑی کارروائی کے دوران 5043 کلو گرام افیون اور 947 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی گئی جبکہ دوسری کارروائی کے دوران ضلع چاغی کے ایک غیر آباد مقام سی50 کلو گرام چرس قبضے میں لی گئی۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ، برآمد شدہ منشیات کسی نامعلوم منزل کی طرف روانہ کئے جانے کی غرض سے محفوظ مقام پر چھپائی گئی تھی۔تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ایف سی ہسپتال، کوئٹہ کے قریب ایک سوزوکی مہران گاڑی کو روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 80 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود بینظیر آباد کے رہائشی شاہ نواز اور کوئٹہ کے رہائشی عزیز احمد نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے یاسر اینڈ عرفان پٹرولیم سروس، کوئٹہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک ہنڈا125 موٹرسائیکل کو روک کر اس پر سوار کوئٹہ کے رہائشی فیض الحق کے ذاتی قبضہ سے 3 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔اے این ایف راولپنڈی نے شہید فہیم عباس نقوی چوک نادرہ رجسٹریشن سنٹر کے قریب ضلع اٹک میں کارروائی کے دوران اٹک کے رہائشی رحیم داد نامی ایک موٹرسائیکل سوار کو روک کر اس کے قبضے سے 1.1 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے پل مولاسردہ پور روڈ ،تحصیل کبیروالہ، ضلع خانیوال کے قریب کارروائی کے دوران خانیوال کے رہائشی سعید احمد نامی ملزم کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن قبضے میں لیکر ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے نمل کالج، رکھی موڑ، تلہ گنگ روڈ میانوالی کے قریب کارروائی کے دوران ٹویوٹا ہائی ایس کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے 8.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے مالاکنڈ کے رہائشی مائد عالم اور چارسدہ کے رہائشی خائستہ رحمان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے لاثانی پل، سرگودھا روڈ، فیصل آباد کے قریب کارروائی کے دوران ایک مقامی منشیات فروش عظیم گل کے قبضے سے 300 گرام ہیروئن اور 3.2 کلو گرام ایمفیٹا مائن قبضے میں لیکر ملزم کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے سول ہسپتال ، ریلوے روڈ، تحصیل شکر گڑھ، ضلع نارووال کے قریب کارروائی کے دوران ایک ٹیوٹا کرولا کا روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں سے 6 کلو گرام چرس برآمد کر لی، جبکہ موقع پر موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی صادق اللہ اور اسماعیل خان اور نارووال کے رہائشی محمد کبیر نامی تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے شیل پٹرول پمپ، بیگوال، وزیرآباد روڈ، سیالکوٹ کے قریب ایک سوزوکی سوفٹ کو روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس برآمد کرلی، دوران کارروائی Juslin Chuukwuemeka اور Grace Nnewna نامی 2 غیر ملکی نائیجیرین باشندوں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے جوہر ٹائون، لاہور میں اللہ ھو گول چکر، اللہ ھو سی این جی سٹیشن کے قریب پشاور کے رہائشی ناصر خان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

ساتویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ٹائون شپ، لاہور میں کالج روڈ پر واقع کھوکھر چوک کے قریب ایک موٹرسائیکل روک کر اس پر سوار گجرانوالہ کے رہائشی عمیر اعظم خان اور پشاور کے رہائشی اظہر علی نامی 2 ملزمان کے ذاتی قبضہ سے 350 گرام چرس برآمد کر کے انہیں موقع پر گرفتار کر لیا۔آٹھویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ہرجندر مسیح نامی انڈین باشندے کے ذاتی قبضے سی500 گرام ہیروئن اور 300 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

اے این ایف پشاور نے حاجی کیمپ اڈہ پشاور کے قریب کارروائی کے دوران ایک ہنڈا سٹی کار کو تحویل میں لیکر کر دوران تلاشی گاڑی کے ڈگی میں چھپائی گئی 7.5 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب ایک مسافر ویگن کو روک کر اس میں سوار ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی سیف الرحمن نامی ملزم کے قبضے سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی میں دوران کارروائی شیخ محمد اختر نامی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 340 گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ملزم پرواز نمبر UL-184 کے ذریعے کولمبو جا رہا تھا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی سے شکارپور کے رہائشی وسیم احمد اور کشمور کے رہائشی در محمد کے قبضے سے 200 گرام ہیروئن اور 3.640 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ا نہیں گرفتار کر لیا۔

ملزم نے مذکورہ منشیات اپنے بیگ میں چھپا رکھی تھی اور دونوں ملزمان سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر SV-705 کے ذریعے جدہ جا رہا تھا۔تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے کراچی کے رہائشی محمد امین غفار نامی ملزم کے قبضے سے 30 گرام کوکین برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم نے کوکین اپنے ٹرائوزر میں چھپا رکھی تھی اور پرواز نمبر EK-604 کے ذریعے یوگنڈہ روانہ ہو رہا تھا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :