بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،مستحقین کو جاری کی گئی رقم کو وصول کرنے کے لئے سجاول ضلع بھر میں مستحق خواتین دربدر ہوکر رہ گئیں

جمعرات 22 جون 2017 18:38

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) عید سے قبل بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو جاری کی گئی رقم کو وصول کرنے کے لئے سجاول ضلع بھر میں مستحق خواتین دربدر ہوکر رہ گئی ہیں ، گذشتہ روز رمضان شریف کی شدید گرمی میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین دن بھر شہرکے دکانوں کے باہر قطاریں لگائے انتظار میں کھڑی رہیں ، جبکہ رات کو بھی سحری کے وقت تک دوردراز سے آئی ہوئی خواتین سجاول میں ادائیگی مراکز کے باہرموجود رہیں ، مذکورہ مستحق خواتین نے بتایاکہ انہیں طویل انتظار کے بعد کٹوتی سے رقم ادا کی جارہی ہے ، جبکہ جلدی رقم ادائیگی کے لئے دلال مافیاان سے ایک ہزار روپے تک طلب کررہی ہے، جبکہ دکانداروں کی ملی بھگت سے انہیں خوامخواہ پورا دن انتظار کرایاجارہاہے ، دوسری جانب دکان مالکان کا کہناتھاکہ بجلی کی عدم فراہمی اور آن لائین سسٹم بلاک ہونے کی صورت میں مستحقین کو انتظارکرناپڑتاہے جبکہ رقم سے کوئی کٹوتی نہیں کی جارہی ہے ،تاہم اسی موقع پر چندخواتین کو کی جانے والے ادائیگی میں تین سو سے پانچ سو روپے کی رقم پائی گئی ، مستحق خواتین پورے دن بھوکی پیاسی ،اپنے شیرخوار بچوں کے ہمراہ مذکورہ دکانوں پر دربدر ہوکر رہ گئی ہیں ،اورانتہائی تذلیل کے ساتھ ادائیگی کی جارہی ہے ، موجودہ حکومت کی جانب سے مناسب اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کی بے حرمتی ہورہی ہے ، اس ضمن میں مناسب اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مستحق خواتین کو عزت نفس کے ساتھ مالی امداد دی جاسکے ۔