چھوٹی صنعتیںقومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے،مقامی افراد کو چھوٹی صنعتوں کے باعث روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہورہے ہیں،گورنر سندھ

جمعرات 22 جون 2017 18:23

چھوٹی صنعتیںقومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے،مقامی افراد کو چھوٹی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی بہتر معاشی پالیسی کی وجہ سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ، صنعتی فعالیت ، روزگار کے وسیع مواقع ، خوشحالی اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہاہے ، چھوٹی صنعتیں قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے ، مقامی افراد کو اسمال انڈسٹری سے روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہورہے ہیں ،اسمال انڈسٹریز کی فعالیت کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں اتحاد کاٹیج انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی صالحین تنولی کی قیادت میں 16 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد نے گورنر سندھ کو کا ٹیج انڈسٹریز کے مسائل ، ذرائع نقل و حمل میں مشکلات اور پانی کی قلت سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے بغیر تیز رفتار ترقی ممکن نہیں اس سلسلہ میں وفاقی حکومت انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے لئے جامع منصوبہ پر کام کررہی ہے با الخصوص صنعتی ایریاز اور اسمال انڈسٹریز کے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے کام کو فوقیت دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسمال انڈسٹریز کی فعالیت سے قومی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں مدد مل رہی ہے کیونکہ چھوٹے صنعتی یونٹس کو بھرپور سہولیات فراہم کرکے ہی معاشی طاقت کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمال انڈسٹریز کی ضروریات کو ہر صورت پورا کیا جائے گا اس ضمن میں اتحاد کا ٹیج انڈسٹریز ایسوسی ایشن سے مشاورت معاون ثابت ہو گی ، بجلی ، پانی اور انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کی ضروریات کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

وفد کے صدر حاجی صالحین تنولی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ بلدیہ ٹائون میں چھوٹے چھوٹے صنعتی یونٹس قائم ہیں جن میں زیادہ تر آئرن ری رولنگ ملز ہیں ، اسمال انڈسٹریز کی فعالیت میں بجلی ، پانی اورنقل و حمل کے ذرائع بہت اہمیت رکھتے ہیں ، علاقہ کی اہم ترین شاہراہ ابو ہریرہ روڈ عرصہ 20 سے 25 برس قبل تعمیر ہوئی تھی جس کے بعد سے آج تک اس شاہراہ پر کسی بھی قسم کا کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوا ، جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے لوگوں کو آمد رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے با الخصوس بارش کے دنوں میں شاہراہ پر سفر کرنا نا ممکن ہو جاتا ہے ، ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ اورنج لائن منصوبہ جوکہ اورنگی نمبر 5 تک ہے اسے حب ریور روڈ تک مزید توسیع دی جائے تاکہ بلوچستان سے آنے والے افراد اور بلدیہ ، نیول کالونی ، سعید آباد سمیت اطراف کے باسی بھی اس منصوبہ کی افادیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیہ پمپنگ اسٹیشن کی موٹریں پرانی اور خراب ہو چکی ہیں جو پانی کی تسلسل سے فراہمی میں رکاوٹ بن رہی ہیں ، بجلی کے مسئلہ پر کے الیکٹرک کی اجازت سے ایسوسی ایشن نے اپنی مدد آپ کے تحت 18 کروڑ روپے کی لاگت سے فیڈر نصب کیا تھا جس سے بجلی کی تسلسل سے فراہمی کے باعث اسمال انڈسٹریز میں کام جاری ہے ،اگر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ہمیں اجازت دے تو ہم اپنی مدد آپ کے تحت نئی موٹریں نصب کرکے ادارہ کو دے سکتے ہیں تاکہ پانی کی تسلسل سے فراہمی یقینی ہو سکے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ کی توسیع کے حوالہ سے وہ صوبائی حکومت اور علاقہ کی ساڑھے چار کلومیٹر ابو ہریرہ روڈ کی تعمیر کو کراچی پیکج میں شامل کرنے کے لئے میئر کراچی اور وفاقی حکومت سے رابطہ کرینگے جبکہ پانی کے مسئلہ با الخصوص موٹرز کی تبدیلی کے حوالہ سے متعلقہ ادارہ سے بات چیت بھی کی جائے گی ۔ وفد میں جنرل سیکریٹری وزیر اعوان ، اقبال جعفرانی ، غلام مصطفی ایڈوکیٹ ، ایم اورنگزیب ، عبد الحنان ، خالد محمود ، وقار تنولی ، رفیق خان اور عالم زیب سمیت دیگر شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :