آل پاکستان پی اے فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ خیبر گرین کلب نے جیت لیا

فاتح ٹیم نے فائنل میچ میںخیبر فائٹر کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی

جمعرات 22 جون 2017 17:58

آل پاکستان پی اے فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ خیبر گرین کلب نے جیت لیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) آل پاکستان پی اے فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ خیبر گرین کلب نے جیت لیا۔فاتح ٹیم نے فائنل میچ میںخیبر فائٹر کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دے کر چمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی۔اختتامی تقریب کے کے موقع پرفاٹااتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر انجینئرسیف الاسلام مہمان خصوصی جنہوںنے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں دیں۔

اس موقع پر فاٹا فٹ بال ایسوسی ایشن کے سنیئر نائب صدر اصغر خان آفریدی اوراسوا فٹ بال اکیڈمی اسلام آباد کے کوچ محمد صدیق بنگش کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں خیبر گرین کلب نے خیبر فائٹر کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے شکست دے کر دوسر آل پاکستان پی اے فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرکے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

وقفے تک خیبر گرین کلب کو خیبر فائٹر کلب کے خلاف 1-0 گول کی برتری حاصل تھی، خیبر گرین کلب کی جانب سے پہلے ہاف کے 10 ویں منٹ میں راشد نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی،جوکہ مقررہ وقت تک برقراررہی۔ٹورنامنٹ کے فاتح ٹیم خیبر گرین کلب کو ونر ٹرافی کے ساتھ 20ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا گیا جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم خیبر فائٹر کلب کو رنر اپ ٹرافی دی گئی۔

صدام حسین کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی،اشفاق خان کو ٹاپ سکورر اور سیف اللہ سنی کو بہترین گول کیپرقرار دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی خیبر گرین کلب کے کوچ محمد صدیق بنگش نے میڈیاسے بتایا کہ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی جذبے اور متحد ہو کر اچھے کھیلے ہیں اور توقع کے مطابق رزلٹ دیا ہے اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر اصغر خان آفریدی کاکہناتھا کہ ٹورنامنٹ میں 28 ٹیموں نے حصہ لیاجن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور ٹورنامنٹ ناک آئوٹ سسٹم پر کھیلا گیا۔اس ٹورنامنٹ سے فاٹا میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :