وزیر اعلیٰ پنجاب ادبی پروگرام طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اقبال چنڑ

تقریری و مضمون نویسی کے مقابلہ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں نقد انعامات تقسیم

جمعرات 22 جون 2017 16:44

وزیر اعلیٰ پنجاب ادبی پروگرام طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ادبی پروگرام طلباوطالبات میں خود اعتمادی لانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وہ گورنمنٹ کمپری ہینسیو گرلز ہائی سکول میں وزیر اعلیٰ پنجاب اردو اور انگلش میں تقاریر اور مضمون نویسی کے مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں کیش پرائز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی چوہدری بشیر احمد، پرنسپل ادارہ مسز نگہت جبیں، ڈی ای او چوہدری علی احمد، والدین، اساتذہ اور طالبات موجود تھیں۔ صوبائی سطح پر اردو اور انگریزی تقریر اور مضمون نویسی کے مقابلہ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو بالترتیب 6ہزار، 5ہزار اور 4ہزار روپے انعام دیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی سطح پر اردو تقریر کے مقابلہ میں دانش سکول حاصل پور کی ہونہار طالبہ قندیل اعجاز نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے انعام حاصل کیا۔صوبائی سطح کے انگلش تقریر کے مقابلہ میں دانش سکول حاصل پور کی منزہ زینت نے پہلی، دانش سکول رحیم یارخاں کی صبا اقبال نے دوسری ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مہاجر کالونی بہاول پور کی علینہ شاہد نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور بالترتیب 6ہزار، 5ہزار اور 4ہزار روپے کیش انعام حاصل کیا ۔

ڈویژن سطح کے اردو تقریر کے مقابلہ میں قندیل اعجاز نے پہلی، فوزیہ رفیق نے دوسری اور حافظہ طیبہ اقبال نے تیسری پوزیشن ، انگلش میں مضمون نویسی کے مقابلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مہاجر کالونی کی سیدہ تنزیلہ فاطمہ نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حاصل پور کی علیزہ ماہم نے دوسری، نیشنل گریژن سکول رحیم یارخاں کی کنزہ عدیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اردو میں مضمون نویسی کے مقابلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بہاول نگر کی سویرا ناز نے پہلی، گورنمنٹ گرلز سکول چاہ فتح خاں کی اقصیٰ منیر نے دوسری اور اسلامیہ انگلش ماڈل سکول حاصل پور کی منزہ حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور بالترتیب 6ہزار، 5ہزار اور 4ہزار روپے کیش انعام حاصل کیا۔

اسی طرح تقریب میں ضلعی اور تحصیل سطح پر ادبی پروگرام میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو کیش انعام دیا گیا ۔ضلعی سطح پر پہلا انعام 5ہزار روپے، دوسرا اور تیسرا انعام 4ہزار اور3ہزار روپے دیا گیا۔ تحصیل سطح پر مقابلہ میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو بالترتیب 4ہزار، 3ہزار اور 2ہزار روپے کیش انعام دیا گیا۔تقریب سے صوبائی وزیرامداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے وزیر اعلیٰ پنجاب ادبی پروگرام میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے طالبات سے کہا کہ محنت اور دل لگا کر تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تقاریر اور مضمون نویسی کے مقابلہ جات میں صوبائی سطح، ڈویژنل ، ضلعی اور تحصیل سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو شاباش دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اس طرح علم کے حصول کا سفر جاری رکھیں گی۔ بعدازاں صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ اور ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی نے طالبات میں کیش پرائز تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :