پاکستان بہت جلد ایشین ٹائیگر بن جائیگا،

جاری ترقیاتی منصوبے سی پیک کی اہمیت ایٹمی پروگرام سے کسی صورت کم نہیں‘ رانا محمد ارشد اس بار جس انداز میں یوم پاکستان منایا گیا اس نے تاریخ رقم کر دی ہے،ملک کو خوشحال اور مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کوبھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا، وطن عزیز کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانا ہی ہماری منزل ہے

جمعرات 22 جون 2017 16:32

پاکستان بہت جلد ایشین ٹائیگر بن جائیگا،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں پاکستان بہت جلد ایشین ٹائیگر بن جائے گا، ملک میں جاری ترقیاتی منصوبے سی پیک کی اہمیت ایٹمی پروگرام سے کسی صورت کم نہیں لیکن بعض انتشار پسند عناصر اسے بھی کالا باغ کی طرح متنازع ایشیو بنانا چاہتے ہیں، حکومت اور عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے اور اسے پا تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

انہوں نے لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت معاشی لحاظ سے درست سمت جارہی ہے،ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت جب2013ء میں اقتدار میں آئی تھی تو توانائی کا بحران عروج پر تھا۔

(جاری ہے)

تاہم آج بہت بہتر صورتحال ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان شعبدہ بازی کررہے ہیں انہیں سیاست کے بنیادی تقاضوں کا علم نہیں ہے ،وہ روز نیا کرتب دکھاتے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،۔

رانا محمد ارشد نے کہا کہ ملک بھر کے عوام عمران خان کے ارادے جانتے ہیں اس لئے وہ عمران خان کا ساتھ نہیںدیتے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست آشکار ہوچکی ہے ان کی سیاست ختم ہونے والی ہے ،وہ ملک کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھاتے ،عمران خان نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے اور جمہوریت کے خلاف تحریک چلائی ہے ،عمران خان ناکام سیاستدان ہیں ۔

پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کوبھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانا ہی ہماری منزل ہے جس کے لئے وزیراعظم محمدنوازشریف کی پرعزم قیادت میں پاکستان ترقی وخوشحالی کی جانب تیزرفتاری سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے دن رات محنت کرنا ہوگی تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوسکیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا اوردہشتگردی سمیت دیگر مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لئے قومی یکجہتی کامظاہرہ کریں۔ وطن عزیز کی بقاء اورسلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔