ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پردیسیوں سے من مانے کرائے وصول کرنے کیخلاف قرار داد ،5تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

من پسند کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی گاڑیوں کوبند کیا جائے‘ قرار داد میں حکومت سے مطالبہ

جمعرات 22 جون 2017 16:26

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پردیسیوں سے من مانے کرائے وصول کرنے کیخلاف قرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پردیسیوں سے من مانے کرائے وصول کرنے کے خلاف قرار داد سمیت 5تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی میاں خرم جہانگیر وٹو کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹروں کی من مانیا، عوام پریشان، انتظامیہ نے آنکھیں موند لیں،انتظامیہ اور ٹرانسپورٹروں کی ملی بھگت سے پردیسیوں سے من مانے کرائے وصول کونے میں مصروف ہیں ،بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے ہجوم سے ٹرانسپورٹرز کی موجیں لگی ہیں۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ من پسند کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی گاڑیوں کوبند کیا جائے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ نیوی کے جعلی کاغذات پر ہزاروں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے جس سے حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا،موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے افسران نے اعلی حکام کی ملی بھگت سے جعلسازی کرکے ہزاروں کمرشل گاڑیوں کی رجسٹریشن کی۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق زکوة کی تقسیم کا نظام بینکوں سے موبائل فون پر منتقل کیے جانے سے ہزاروں مستحقین زکوةسے محروم ہو گئے ،کروڑوں روپے کی خورد برد کے انکشافات بھی ہوئے ہیں ، بدعنوان عناصر نے معاشرے کے مستحق ترین افراد کو بھی نہ بخشا،خورد برد میں ملوث ڈسٹرکٹ زکوة کمیٹی لاہور کے 14 ملازمین برطرف کردئیے گئے ،پتہ چلا ہے کہ اِس دوران ہزاروں مستحقین تک رقم پہنچی ہی نہیں بلکہ اِن کے حصے کی رقوم بدعنوان عناصر لے اٴْڑے ۔

مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ کی جانب سے لاہور سے بہاولپور تک اربوں روپے کی سرکاری اراضی پر قبضے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ صرف لاہور میں 50 ارب روپے سے زائد سرکاری زمین پر قبضہ ہو چکا ہے،لاہور کے مہنگے رہائشی اور کمرشل علاقوں سے لیکر بہاولپور کے ریگستانوں تک سرکاری زمین پر قبضہ مافیا بیٹھ گیا،5ہزار 770 مرلے زمین لاہور شہر کی قبضہ مافیا نے ہڑپ کر لی حکام بے بس،محکمہ مال اور چولیستان اتھارٹی کے افسران کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف پرسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں،قبضہ مافیا کی پشت پناہی میں بااثر شخصیات، بیورو کریٹ اور پولیس ملوث ہیں۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے صوبے کی 10ہزار نرسوں کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس نہ ملنے کے خلاف اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی۔نرسوں کی ایسوسی ایشن کی کئی مرتبہ محکمہ صحت کی افسران سے ملاقات ہو چکی ہے لیکن وہ ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔حکومت کی جانب سے 6فروری کو نوٹیفیکیشن بھی جا ری کیا گیا تھا لیکن چار ماہ گزرجانے کے باوجود معاملہ ابھی تک التواء کا شکار ہے اس حوالے سے نرسوں میں تشویش پائی جا رہے ہیں ۔

لہذا حکومت سے مطالبہ ہے کہ حکومت اپنے جاری کیے ہوئے نوٹیفیکیشن پر فوری عملدرآمد کرائے اور دس ہزار سے زائد نرسوں کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس دیا جائے۔جبکہ مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سنگھ پورہ سبزی منڈی میں صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ جگہ جگہ گندگی اور کیچڑ کے ڈھیر پڑے ہیں جو شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔

منڈی کی انتظامیہ کی طرف سے بھی صفائی کیلئے انتظام موجود نہیں ہے۔انہوں نے مزید موقف اختیار کیا سنگھ پورہ سبزی منڈی سے شہر بھر سے لوگ سزی خریدنے کیلئے جاتے ہیں جگہ جگہ بارش کے پانی کھڑی ہونے کی وجہ سے شہریوں کوسبزی خریدنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔لہذا استدعا ہے کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور سبزی منڈی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔