جے آئی ٹی میں شریف خاندان سر خرو ہوگا، عدنان حیات نون

جمعرات 22 جون 2017 15:34

جے آئی ٹی میں شریف خاندان سر خرو ہوگا، عدنان حیات نون
سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء)مسلم لیگ (ن)کے رہنماء اور سابق ممبر قومی اسمبلی ملک عدنان حیات نون ،ممبر صوبائی اسمبلی طحیہ عدنان نون نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میں بھی شریف خاندان سر خرو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ترقی کے ریکارڈ اورمخالفین دروغ گوئی اور الزام تراشی کے نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ۔سپریم کو رٹ کے حکم سے بننے والی جے آئی ٹی کے سامنے شریف خاندان پیش ہو چکا ہے، وزیر اعظم،وزیر اعلی،حسن نواز اور حسین نواز جے آئی ٹی میں دامن صاف ہونے کی وجہ سے پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد نواز شریف اپنے والد اور بیٹوں کے معاملات میں پیش ہوئے ان پرکوئی براہ راست الزام نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت کی لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لارہی ہیں ۔ہمیں اندھیروں کے ساتھ ساتھ اندھیروں کے حامیوں سے بھی جنگ لڑنی پڑ رہی ہے اور اللہ کے فضل وکرم اورعوام کی حمایت سے دونوں محاذوں پر سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنا مرضی واویلا کرلیں الیکشن2018ء میں ہی ہوں گے اور حکومت بھی پاکستان مسلم لیگ ن کی ہوگی۔