صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیراعظم فاروق حیدر خان کی ملاقات

ریاستی بجٹ پر اسمبلی میں بحث، تعمیر و ترقی، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے حوالے سے کوششوں کا خیر مقدم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشتگردی بند کرانے کا مطالبہ

جمعرات 22 جون 2017 15:23

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی ملاقات، ریاستی بجٹ پر اسمبلی میں بحث، تعمیر و ترقی، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے حوالے سے کوششوں کا خیر مقدم، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشتگردی بند کرانے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں طویل ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی، معاشی اور مالی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کے لیے جامع حکمت عملی کیلئے مشاورت ہوئی۔

دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور آزاد ریاست کی تعمیر و ترقی، گڈ گورننس کی بحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی ریاستی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

(جاری ہے)

ان مقاصد کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہو گا۔ ملازمتوں کی فراہمی سمیت ہر شعبہ زندگی میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔

قبیلائیت، علاقہ پرستی اور اقرباء پروری جیسے ناسور معاشرے سے ختم کرنے کی کوششیں ہوں گی۔ دونوں رہنمائوں نے ریاستی بجٹ کے اعداد و شمار اور اہداف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیوروکریسی پر مکمل اعتماد ہے۔ بجٹ کی تیاری میں بھی سینئر بیوروکریٹس نے اہم کردار ادا کیا اور ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے وہ مؤثر کردار ادا کریں گے۔

دونوں رہنمائوں نے کہا کہ ہمارے افسر محنتی اور قابل ہیں۔ ہمیں اُن کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس میں قابض افواج نے کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔ کنٹرول لائن کے اُس پار مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں پر رمضان المبارک بہت بھاری گزرا ہے۔

قابض فوجیوں نے کشمیری مسلمانوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی فتح پر مبارک باد دینے اور خوشی کا اظہار کرنے والے کشمیریوں پر مقدمات قائم کرنا اور انہیں انتقام کا نشانہ بنانا بھارتی حکام کی فسطائیت اور غیر جمہوری سوچ کا عکاس ہے۔ دونوں رہنمائوں نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے سیکرٹری جنرل کی طرف سے مسلہٴ کشمیر کے حل کیلئے کوتاہی نہ برتنے اور پاکستان بھارت مذاکرات کیئے کوششوں پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سیکرٹری جنرل انٹونیو گومئے رس ایک عالمی مدبر کی شہرت رکھتے ہیں۔ اس لیے وہ مسلہٴ کشمیر کو حل کرانے کیلئے عالمی ادارے کی ستر سال سے زیر التواء قراردادوں پر عملدرآمد کرائیں گے۔ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی اور بحران میں پاکستان کی طرف سے مکمل طور پر غیرجانبدار رہنے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔