عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر نے رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر مکمل ہونے تک ٹھیکہ دار فرم سکائی ویز کو اسکے دفاتر اور مشینری کی سائٹ سے منتقلی سے روک دیا

جمعرات 22 جون 2017 15:23

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر نے رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر مکمل ہونے تک ٹھیکہ دار فرم سکائی ویز کو اسکے دفاتر اور مشینری کی سائٹ سے منتقلی سے روک دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سالہا سال سے التواء کا شکار رٹھوعہ ہریام پل جس کی تعمیر کا ٹھیکہ چائنز تعمیراتی کمپنی بیکسن اور پاکستان کی ایک تعمیراتی کمپنی سکائی ویز نے حاصل کر رکھاہے معاہدہ کے مطابق رٹھوعہ ہریام پل کا 70فیصد تعمیراتی کام بیکسن نامی چائنز فرم اور 30فیصد سکائی ویز نامی پاکستانی فرم نے مکمل کرنا تھا چائنز کمپنی بیکسن نے تو اپنے حصے کا تعمیراتی کام مکمل کر دیا جبکہ سکائی ویز نامی پاکستانی فرم جس نے اپنے ٹھیکہ کی تمام رقم محکمہ سے قرضہ جات کی صورت میں وصول کر رکھی ہے محض 10فیصد کام مکمل کرنے کے بعد بقیہ 20فیصد تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ کر اپنا تمام تر مشینری اور دفاتر کی منتقلی شروع کر دی تھی جس پر چائنز کمپنی بیکسن اور محکمہ نے عدالت العالیہ سے رجوع کیا جس پر عدالت العالیہ کے جسٹس شیراز احمدکیانی نے رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر مکمل ہونے تک سکائی ویز نامی تعمیراتی کمپنی کو اسکے دفاتر اور تمام تر مشینری کی سائٹ سے منتقلی سے روک دیا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت العالیہ میں بیکسن کمپنی اور محکمہ کی جانب سے ممتاز قانون دان ذوالفقار احمد راجہ ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کیے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ منگلا ڈیم توسیع منصوبہ کی تکمیل ہوئے مدت ہو چکی ہے مگر متاثرین منگلا ڈیم توسیع منصوبہ تاحال اپنی قیمتی زمینوں کے معاوضہ کی وصولی کیلئے دربدر ہیں یہاں تک کہ متاثرین اپنے حق میں ہونے والے عدالتوں کے فیصلہ جات اپنے ہاتھوں میں اٹھائے واپڈا کے دفاتر کے چکرپر چکر لگانے پر مجبور ہیں انکی کہیں شنوائی نہیں ہوئی اسی طرح رٹھوعہ ہریام پل کے تعمیراتی کام کو مکمل کیے بغیر تعمیراتی فرم سکائی ویز نے اپنے دفاتر اور مشینری کی سائٹ سے منتقلی شروع کر دی تھی جسے عدالت العالیہ نے رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر مکمل ہونے تک روک دیا ہے ۔