Live Updates

نوازشریف نے آزادخطہ میں دھاندلی سے حکومت قائم کی مگر خود مقافات عمل کا شکار ہیں، نوازشریف مودی کیساتھ تقسیم کشمیر کی سازش کررہے ہیں مگر کسی صورت اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے‘ غیوران مظفرآباد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوںنے موجودہ حکومت کے خلاف آج عوامی ریفرنڈم دیدیا ہے۔ عمران خان نے نوازشریف کو بے نقاب کردیا

تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر ، سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان چوہدری کامظفرآباد میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 جون 2017 15:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر ، سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف نے آزادخطہ میں دھاندلی کے ذریعے حکومت قائم کی مگر خود مقافات عمل کا شکار ہیں، نوازشریف مودی کیساتھ تقسیم کشمیر کی سازش کررہے ہیں مگر کسی صورت اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

غیوران مظفرآباد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوںنے موجودہ حکومت کے خلاف آج عوامی ریفرنڈم دیدیا ہے۔ عمران خان نے نوازشریف کو بے نقاب کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز یہاں مظفرآباد میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹرسلطان جب افطار ڈنر تقریب میں پہنچے تو کارکنان کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق، دیوان غلام محی الدین، عبدالماجد خان، پروفیسر تقدیس گیلانی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا والہانہ استقبال کیا۔

افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ غیوران مظفرآباد کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جنہوںنے موجودہ حکومت کیخلاف آج عوامی ریفرنڈم دیدیا ہے، وفاقی حکومت نے فاروق حیدر کو مسلط کیا ہے مگر عوام ان کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، نوازشریف مودی کیساتھ مل کر تقسیم کشمیر کی سازشوں میں مصروف ہیں مگر ہم کسی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

انہوںنے کہا کہ نوازشریف نے آزادخطہ میں دھاندلی کے ذریعے حکومت قائم کی مگر آج مقافات عمل کا شکار ہیںجو اٹھاراں گریڈ کے آفیسرز کے سامنے اپنی صفائی پیش کررہے ہیں ، قائد پاکستان عمران کو ان کی جرت پر سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوںنے نوازشریف کو بے نقاب کیا ، انہوںنے کہا کہ میاں نوازشریف مقبوضہ کشمیر میں نہتے مظلوم کشمیریوں پربھارتی بربریت کے خلاف بات کرنے کے بجائے اپنے کاروبار کو وسعت دے رہے ہیں، ن لیگ کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف آمدہ انتخابات میں ملک بھر سے کامیاب ہو کر عمران خان کی قیادت میں حکومت بنائیگی۔ افطار ڈنر سے سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق نے کہاکہ لیگی حکومت کے دعویٰ ٹھس ہو گئے، چھ ماہ سے ملازمین کو تنخواہ نہ دینے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ نوازشریف کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

عبدالماجد خان نے کہا کہ اسمبلی میں پیش کیا جانیوالا بجٹ عوامی نہیں بلکہ ٹھیکیداروں کا بجٹ ہے، اس میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دی گئی۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ تبدیلی آنہیں رہی بلکہ تبدیلی آچکی ہے۔ تقریب سے حاجی گل خنداں، گلزار فاطمہ، راجہ شیراز، منیر اختر سلہریا، جبار مغل، زاہد مغل، سلیم اعوان، شہرزاد گیلانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں سردار تبارک ، پیر سید جواد گیلانی ، قاضی اسرائیل، میر عدیل ، عاطف بشیر ، یاسر مغل، ملک انصر، راجہ الیاس، ملک عنایت بھی شریک تھے ۔ بیرسٹر سلطان جب افطار ڈنر تقریب میں پہنچے تو کارکنوں کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا۔ کارکنوںنے وزیراعظم ، وزیراعظم بیرسٹر سلطان کے نعرے لگائے فضاء نعروں سے گونج اٹھی۔ خواجہ فاروق ، پروفیسر تقدیس گیلانی تقریب میں متحرک رہے۔ کارکنان کی جانب سے خواجہ فاروق اور تقدیس گیلانی کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات