داعش نے موصل میں تاریخی جامع مسجد النوری کو شہید کردیا

جمعرات 22 جون 2017 13:59

داعش نے موصل میں تاریخی جامع مسجد النوری کو شہید کردیا
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) عرا اقی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے شمالی شہر موصل کے مغربی حصے میں واقع تاریخی جامع مسجد النوری کو شہید کردیا ہے اور اس کے تاریخی اہمیت کے حامل مینار کو بھی دھماکوں سے اڑا دیا ہے۔وزارت دفاع کے مطابق داعش کے جنگجوؤں نے بدھ کی رات مسجد النوری کے ڈھانچے اور مینار کی بنیادوں پر بارود نصب کردیا تھا اور پھر دھماکوں سے مسجد کی عمارت کو مسمار کردیا ہے۔

عراقی فورسز مغربی موصل میں مسجد النوری پر قبضے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کررہی ہیں اور انھوں نے اسی ہفتے قدیم شہر میں داعش کے بچے کچھے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی لیکن داعش نے ان کے مسجد النوری کے نزدیک پہنچنے یا اس پر قبضے سے قبل ہی اس کو دھماکوں سے منہدم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

داعش کا جون 2014ئ سے اس تاریخی مسجد پر سیاہ پرچم لہرا رہا تھا اور اسی مسجد سے داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی نے اپنی حکومت کا اعلان کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق اس وقت بھی موصل کے اس حصے میں قریباً ایک لاکھ شہری موجود ہیں۔عراقی فورسز اور داعش کے درمیان گذشتہ سال اکتوبر سے موصل میں جاری لڑائی کے دوران میں شہر سے ساڑھے آٹھ لاکھ سے زیادہ عراقی بے گھر ہو گئے ہیں۔وہ موصل کے نواح میں قائم کیے گئے پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں یا ملک کے دوسرے علاقوں کی جانب چلے گئے ہیں

متعلقہ عنوان :