پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے دورحکومت میں تعمیروترقی کے میگاپراجیکٹس شروع ہوں گے‘سردارمحمد نعیم خان

چیمپین ٹرافی کے فائنل میںپاکستانی شاہینوں نے بھارتی ٹیم کو شکست دے کردنیاکرکٹ سے دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان پرمسلط ہوئی تنہائی کا خاتمہ کردیا

جمعرات 22 جون 2017 13:00

فتح پور تھکیالہ/میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئرراہنماوسابق وزیرحکومت سردارمحمدنعیم خان نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے دورحکومت میں تعمیروترقی کے میگاپراجیکٹس شروع ہوں گے۔ انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ پروگرام سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ این ٹی ایس کے نفاذ سے میرٹ بحال ہوگا۔

جماعت کے کارکن ہمارا اثاثہ ہیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کے تعمیروترقی کے ویژن اور جماعتی کارکنوں کی محنت ولگن سے آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ ملا۔ مخالفین کی چیخ وپکار 2018 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی میں رکاوٹیں نہیں ڈال سکتی۔ چیمپین ٹرافی کے فائنل میںپاکستانی شاہینوں نے بھارتی ٹیم کو شکست دے کردنیاکرکٹ سے دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان پرمسلط ہوئی تنہائی کا خاتمہ کردیاہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیراور بھارت کی ریاستوں میں پاکستان کے چاہنے والوں نے پاکستان کی فتح کاجشن منا کربھارت کوواضح پیغام دیاہے کہ طاقت کے زورپرمسلمان قوم کے جذبات کومجروع نہیں کیاجاسکتا۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیانمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں مثالی بجٹ کے پیش ہونے سے خطہ میں تعمیروترقی ہوگی۔

سڑکات پانی، بجلی کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں۔ انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ پروگرام سے دیہی آبادی کے مسائل میں کمی واقع ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیرقوم کے معماروں کومعیاری تعلیم دلوانے کے فارمولے پرعمل پیراہے جس سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کونہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک روزگار حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔ این ٹی ایس کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی سے اعلیٰ تعلیم یافتہ بے روزگارنوجوانوں کوروزگار کی فراہمی سے تعلیمی اداروں میں واضح تبدیلی نظرآئے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے کارکنوں نے دن رات کی محنت سے جماعتی منشور کو لبیک کہتے ہوئے جماعت کو بھاری مینڈیٹ دلواکرپاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت قائم کروائی۔ انھوں نے کہاکہ آئی سی سی چیمپین ٹرافی کے فائنل میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی ٹیم کوشکست دے کربھارت میں صف ماتم بچھادیاہے۔ فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی سے پاکستان کرکٹ کے خلاف سازشی عناصربری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ بہت جلد پاکستان کی کرکٹ گرائونڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونگی۔مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کے متوالوں نے پاکستان کی فتح کا جشن مناکربھارت کوواضح پیغام دیاہے کہ مقبوضہ کشمیرسے بھارتی افواج کا انخلاء انتہائی ضروری ہے۔