امریکا اور برطانیہ کی سعودی عرب کے نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد

جمعرات 22 جون 2017 11:23

امریکا اور برطانیہ کی سعودی عرب کے نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں ان کے نئے تقرر پر مبارک باد دی ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ولی عہد نے مشرقِ وسطیٰ اور اس سے ماورا سلامتی ،استحکام اور خوش حالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قر یبی تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے لیے ہر قسم کی حمایت کے خاتمے کی اہمیت اور قطر کے ساتھ جاری تنازعے کے حل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان قیام امن کی کوششوں پر بھی گفتگو کی ہے۔اس کے علاوہ سعودی عرب اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے گہرے اقتصادی تعاون پر بھی بات چیت کی ہے۔دریں اثناء برطانیہ نے بھی سعودی عرب کے نئے ولی عہد کو مبارک باد پیش کی ہے۔