اینٹی ڈینگی ٹیمیں موسم برسات کے باعث فیلڈ میں ہمہ وقت موجود رہیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل

بدھ 21 جون 2017 23:33

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد مسعود فروکہ نے کہا ہے کہ موسم برسات کے پیش نظر ڈینگی کی افزائش ممکن ہو سکتی ہے لہذا اینٹی ڈینگی ٹیمیں اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھائیں اور ڈینگی لاروا کے تدارک کے لئے فیلڈ میں ہمہ وقت موجود رہیں ۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر بلال احمد نے انسداد ڈینگی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ صدر اجلاس نے کہا کہ عید الفطر سے قبل تمام قبرستانوں ‘ عید گاہوں ‘ پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی کیمیکلز ٹریٹمنٹ کی جائے اور اگر کسی جگہ سے ڈینگی لاروا ملے تو فورا اسے تلف کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں کی آگاہی کے لئے بھی منظم انداز میں مہم جاری رکھنے کی تاکید کی ۔

انہوں نے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کے افسران سے کہا کہ گٹ والا پارک سمیت ضلع کے درختوں کے سوراخوں کو مٹی سے پر کیا جائے کیونکہ بعض درخت مچھروں کے ٹھکانے بنے ہوتے ہیں جن کا سدباب انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں ‘ کارخانوں ‘ کباڑخانوں ‘ گرائونڈز ‘ ٹائر شاپس ‘ ہوٹلوں سمیت دیگر اہم مقامات پر بھی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے اور صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ عید کے فورا تمام سکولوں کو بھی چیک کریں اور انہیں صفائی ستھرائی کا پابند بنائیں جس کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکول انتظامیہ کے خلاف سخت کاررروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے واسا ‘ میونسپل کارپوریشن کے افسران سے بھی کہا کہ وہ بارش کے پانی کے انخلاء کے لئے فورا اقدامات کریں تاکہ ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے ۔

متعلقہ عنوان :