وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، گورنر سندھ

وفاق نے صوبائی حکومت اور میئر کراچی کی مشاورت سے شہر کی ترقی کے لیے بڑے میگا پروجیکٹس شروع کیے ہیں،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں میڈیا نمائندوں پر تشدد افسوس ناک واقعہ ہے، اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت پنجاب سے بات کروں گا، وفاقی حکومت صحافیوں کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی ، آرٹس کونسل میں کے یو جے کے افطار ڈنر میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 جون 2017 23:39

وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے ۔ وفاق نے صوبائی حکومت اور میئر کراچی کی مشاورت سے شہر کی ترقی کے لیے بڑے میگا پروجیکٹس شروع کئے ہیں ، جن کی تکمیل کے بعد کراچی کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں ہو گا اور شہر قائد کی رونقیں بحال ہوںگی ۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں میڈیا نمائندوں پر تشدد افسوس ناک واقعہ ہے ۔ اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت پنجاب سے بات کروں گا ۔ وفاقی حکومت صحافیوں کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جی)کے افطار ڈنر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق ، پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون اور وسیم آفتاب ، مسلم لیگ (ن)سندھ کے رہنما اسد عثمانی ، جماعت اسلامی کے رہنما زاہد عسکری ، سینئر صحافی طاہر نجمی، سعید خاور، پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری جی ایم جمالی ، کے یو جے کے صدر حسن عباس ، کے یو جے کے سیکرٹری جنرل واجد رضا اصفہانی ، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ سمیت اخبارات کے مدیران ، سینئر صحافیوں اور عمائدین شہر نے شرکت کی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پوری دنیا میں صحافت کے شعبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے ۔ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور تسلسل میں صحافت کا کلیدی کردار ہے اور اس ضمن میں صحافیوں کی قربانیوں کو کسی صورت میں فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ صحافی دایاں بازو ہیں ۔ صحافی حق اور سچ کی آواز ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں صحافت کا کردار نمایاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں رمضان خیر و عافیت سے گزر رہا ہے اور دعا گو ہیں کہ عید بھی خیر و عافیت سے گزرے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنر ہاس مسلم لیگ (ن) کا سیاسی اکھاڑا نہیں ہے ۔ میں نے بحیثیت گورنر پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم پاکستان ، جماعت اسلامی ، پی ایس پی سمیت تمام جماعتوں کے رہنماں سے ملاقاتیں کی ہیں ۔

پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کا گورنر ہاس کو سیاسی اکھاڑا قرار دینا افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود حلیم عادل شیخ کو فون کیا ہے اور ان کو کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا وفد جب گورنر ہاس آنا چاہے ، میں انہیں خوش آمدید کہوں گا یا وہ مجھے بلا لیں ، میں جانے کے لیے تیار ہوں ۔ اگر ان کی جماعت کے سربراہ انہیں مجھ سے ملنے نہیں دیتے تو میں کیا کر سکتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں شہر قائد سمیت صوبہ سندھ کی ترقی کے لیے ہرممکن کردار ادا کرنے اور تعاون کے لیے تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل جھگڑوں سے نہیں بلکہ سے بات چیت سے حل ہوتے ہیں ۔ ہم میئر کراچی اور بلدیاتی نمائندوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں اور وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے جو میگا پروجیکٹس شروع کیے ہیں ، اس حوالے سے صوبائی حکومت اور میئر کراچی سے مشاورت کی گئی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تحفظ دینا حکومت کا کام ہے لیکن صحافی اپنے اپنے اداروں سے منسلک ہوتے ہیں ۔ اداروں کا فرض بھی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے مسائل کو حل کرے ۔ تاہم صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت ہرممکن تعاون کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہونے والا واقعہ افسوس ناک ہے ۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت سے بات کروں گا اور قانون کے مطابق ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ آج کے یو جے کے افطار ڈنر میں شرکت کرکے خوشی ہوئی ۔ پی ایف یو جے اور کے یو جے صحافیوں کے مسائل کی نشاندہی کرے ۔ ہم مشاورت سے اس کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے افطار ڈنر میں مدعو کرنے پر پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری جی ایم جمالی ، کے یو جے کے صدر حسن عباس اور دیگر ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔