عید کے دوران ضلع کے بعض مخصوص فیڈرز پر صارفین کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کیلئے دیگر فیڈرز میں لوڈشیڈنگ کاسلسلہ شروع گیا تو قبائل گلستان گرڈ کا گھیرائو کرکے تمام فیڈرز کو بجلی کی سپلائی بند کردینگے

قلعہ عبداللہ کے مختلف قبائل نے حکام کو خبردار کردیا

بدھ 21 جون 2017 23:32

گلستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) ضلع قلعہ عبداللہ کے مختلف قبائل نے خبردار کیاہے کہ اگر عید کے دوران ضلع کے بعض مخصوص فیڈرز پر صارفین کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کیلئے دیگر فیڈرز میں طویل لوڈشیڈنگ کاسلسلہ شروع کردیاگیا تو قبائل گلستان گرڈ کا گھیرائو کرکے تمام فیڈرز کو بجلی کی سپلائی بند کردینگے ،اس بات کافیصلہ گز شتہ روز کلی عبدالرحمن زئی میں عبدالرحمن زئی ،سلیمان خیل ،سیگی ،شمشوزئی ،السادات اور دیگر اقوام کے معتبرین کے نمائند ہ اجلاس میں کیا گیاجس کی صدارت تنظیم نوجوان عبدالرحمن کے صدر عثمان الحق کاکڑنے کی جبکہ اس موقع پرعبدالصمد عبدالرحمن زئی،عبدالکریم شمشوزئی ،نورمحمدعرف باچو شمشوزئی ،سید عبدالرئوف آغا ،سید محمدقسیم آغا ودیگر نے بھی شرکت کی اجلاس کے دوران قبائل کے معتبرین نے عید کے موقع پر بعض فیڈرز کو 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کی خاطر ضلع بھر کو تاریکی میں رکھنے کے عمل پر تشویش کااظہار کیااور فیصلہ کیا کہ اب کے بار 23فیڈرز میں سے 2فیڈرز پر بجلی کی فراہمی کافیصلہ کسی صورت قبول نہیں کیاجائیگا بلکہ اس کے خلاف صدائے حق بلند کی جائیگی اور گلستان فیڈر کا گھیرائو کرکے منظور نظر فیڈرز کو بجلی کی فراہمی بند کردی جائیگی اجلاس کے شرکاء کاکہناتھاکہ نہ صرف مذہبی تہوار کے موقع پر لوڈشیڈنگ سے ان کی گھریلو زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ زراعت کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ جاتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہم کسی قسم یا قبیلے کے خلاف نہیں لیکن بعض منظور نظر فیڈرز کے صارفین کو نوازنے کیلئے دیگر فیڈرز سے تعلق رکھنے والے صارفین کو کسی صورت بجلی سے محروم رکھنا درست اقدام نہیں ایسا کیا گیا تو احتجاج کا ہر جمہوری راستہ اختیار کیاجائیگا اور کسی کو بھی یہ حق نہیں دیاجاسکتا کہ وہ ضلع کے عوام کو بجلی کی نعمت سے محروم کرے ۔

متعلقہ عنوان :