گوادر کیمپس میںچائینیز لینگویج کی کلاسز شروع کرنے اور سی پیک سٹیڈی سنٹر کو ترقی دینے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی

وائس چانسلر تربت یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کا اجلاس سے خطاب

بدھ 21 جون 2017 23:32

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا ہے کہ گوادر کیمپس میں چائینیز لینگویج کی کلاسز شروع کرنے اور سی پیک سٹیڈی سنٹر کو ترقی دینے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔وہ بروز بدھ تربت یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقدہ ایک اجلاس میں خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میںگوادر کیمپس کومزید ترقی دینے، اگست سے شروع ہونے والے بی اے، بی ایس سی کے امتحانات اور یونیورسٹی کو مستقل عمارت میں منتقل کرنے کے علاوہ یونیورسٹی کی مالی اور انتظامی معاملات زیرغورآئے۔

اجلاس میں رجسٹرارڈاکٹر حنیف الرحمان، ڈائریکٹر فنانس غلام فاروق بلوچ،کنٹرولر امتحانات تنویر احمد،پروجیکٹ ڈائریکٹرمنظوراحمدبلوچ،ڈائریکٹرگوادرکیمپس اعجاز احمد، پی ایس او ٹو وائس چانسلرچاکرحیدر اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ سراج احمد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئیندہ تعلیمی سال مستقل کمپلیکس میں تدریسی عمل کا آغاز کرنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کو ترقی دینے اور اعلیٰ تعلیم کوفروغ دینے کے منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے تمام تدریسی شعبہ جات میں چارسالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کے علاوہ لاء ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایاگیاہے جس میں قانون کی تعلیم دینے کے لئے تین سالہ اور پانچ سالہ تدریسی پروگرام کے لئے داخلے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کیمپس میں چائینیز لینگویج کی کلاسز کا اجراء اور سی پیک سٹڈی سنٹر کو ترقی دینے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔اس موقع پر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے محکموں میں ہونے والی پیشرفت ، مستقبل کی منصوبہ بندی ، ضروریات اور چیلنجز کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔وائس چانسلر نے مختلف محکموں اوراداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :