پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں شکست پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کا مقدر بن چکی ہے ،عارف علوی

کراچی کو مسائل اور کچرے کا گڑھ بنانے میں دونوں جماعتیں برابر کی شریک ہیں، راہنماء پی ٹی آئی کا انتخابی مہم سے خطاب

بدھ 21 جون 2017 23:29

پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں شکست پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پی ایس 114کے ضمنی انتخاب میں شکست پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کا مقدر بن چکی ہے۔ کراچی سے لے کر اوباڑو تک پورا صوبہ سندھ مسائلستان بنا ہوا ہے۔ ان مسائل کی ذمہ دار یہ دونوں سیاسی جماعتیں ہیں جنہوں نے اپنے مفادات کو ترجیح دے کر عوامی وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔

جن کے پاس مہران اور آلٹو نہیں تھی آج وہ لینڈ کروزر اور پراڈومیں گھوم رہے ہیں ۔ کچی آبادیوں میں رہنے والے کرپٹ رہنما آج چنیسر گوٹھ سے نکل کر ڈیفنس کے بنگلوں تک پہنچ گئے ۔ ان کے منہ سے غریب عوام کے حقوق کی بات کرنا زیب نہیں دیتا،وہ بدھ کو پی ایس 114کے لئے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون کی رہائشگاہ ’’پلول ہائوس‘‘واقع ڈیفنس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمران اسماعیل،انجینئر نجیب ہارون، فیصل وائوڈا،اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ثمر علی خان،سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ، سردارعبد العزیز، جمال صدیقی ،دوا خان صابر، غزالہ سیفی، شاہین شیخ، قادری بھائی، سبحان ساحل، سیف الرحمان خان، آفتاب جہانگیر،صائمہ ندیم، ارم بٹ،زرقہ ناز،شہناز مروت، طاہر ملک اور دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر 21سال پہلے تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہوا تھا ۔ اس ملک کو کرپشن ، فرقہ واریت اور لسانیت کی دیمک نے چاٹ لیا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے کراچی کے شہری تحریک انصاف کے جھنڈے تلے متحد ہوجائیں ۔ پی ایس114کے عوام الیکشن کے دن کرپٹ ، بھتہ خوروں، غنڈوں ، بدمعاشوں اور منشیات فروشوں سے جان چھڑانے کے لئے تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے پر مہر لگا کر شہر کی ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر میں شامل ہوجائیں۔