پی ایس 114 میں علی اکبر گجر کی کامیابی یقینی ہے ، یہاں صرف وزیر اعظم نواز شریف کاہی ووٹ بنک ہے اور ہمیشہ سے اس حلقے سے مسلم لیگ کا امیدوار کامیابی حاصل کرتے آئے ہیں، مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان اسد عثمانی

بدھ 21 جون 2017 23:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان اسد عثمانی نے کہا ہے کہ پی ایس 114 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار علی اکبر گجر کی کامیابی یقینی ہے اس لئے کہ یہاں صرف وزیر اعظم نواز شریف کاہی ووٹ بنک ہے اور ہمیشہ سے اس حلقے سے مسلم لیگ کا امیدوار کامیابی حاصل کرتے آئے ہیں، یہ بات انھوں نے پی ایس 114کے دورے اور علاقے کے معزز افراد سے ملاقاتوں کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سنیٹر سعید غنی کس حیثیت میں محمود آباد، منظور کالونی، اعظم بستی کے علاقوں میں سعید غنی کبھی نظر نہیں آئے اب یہ ضمنی الیکشن میں یہاں سے کھڑے ہوئے ہیں توگلی گلی ووٹ مانگتے پھر رہے ہیں، لیکن عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ،عوام کے بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل حل ہونے کے قریب ہیں، لیکن مخالفین کو یہ بات پسند نہیں آرہی ہے کہ عوام کے دیرینہ مسائل جوان کی حکومتوں میں حل نہیں ہوسکے تھے یہ اب کیسے حل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسد عثمانی نے کہا کہ 9جولائی کا دن پی ایس 114 میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کا دن ہے علی اکبر گجر کو تاریخی کامیابی حاصل ہوگی۔ دوسری تمام جماعتوں کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی طاقت کا بھر پور طریقے سے استعمال کر رہی ہے۔الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ پیپلز پارٹی جو الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے اس کے خلاف نوٹس لے۔