سیپکو کا بجلی چوروں اور نا دہندگان کے خلاف لاڑکانہ میں پولیس کی مدد سے آپریشن

بدھ 21 جون 2017 23:21

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) سیپکو کا بجلی چوروں اور نا دہندگان کے خلاف لاڑکانہ میں پولیس کی مدد سے آپریشن، دو ہزار سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایکسی این لاڑکانہ انجنیئر مشتاق حسین بڑدی کی قیادت میں شہر کی تمام سب ڈویزنز کے ایس ڈی اوز اور واپڈا ملازمین نے پولیس کی مدد سے او پی ایف کالونی، بینک اسکوائر، لاہوری محلہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا اور دو ہزار سے زائد کنڈہ کنیکشن منقطع کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایکسی این سیپکو انجنیئر مشتاق حسین بڑدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیپکو کی جانب سے شروع کئے جانے والا آپریشن جاری رہے گا، شہر بھر میں غیرقانونی کنکشن کو منقطع کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف مقدمہ درج کئے گئے ہیں جبکہ نادہندگان کی جانب سے بھی سیپکو کے بقایاجات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی مدد حاصل کرلی ہے، موقع پر ہی بجلی چوروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ مشتاق بڑدی نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں کہیں بھی سیپکو کے ملازمین ملوث ہوئے اور اس کے ثبوت ملے تو انہیں نوکریوں سے برطرف کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :