بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ترکی کے وزیر دفاع فکری اسک سے ملاقات

علاقائی صورتحال اور دوطرفہ سلامتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،آئی ایس پی آر دونوں اطراف کا سلامتی پالیسیوں، دفاعی پیداوار اور انسانی وسائل کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پراتفاق

بدھ 21 جون 2017 23:21

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ترکی کے وزیر دفاع فکری اسک ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ جو ترکی کے سرکاری دورہ پر ہیں، نے ترکی کے وزیر دفاع فکری اسک سے بدھ کو ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ سلامتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں اطراف نے سلامتی پالیسیوں، دفاعی پیداوار اور انسانی وسائل کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع سے اتفاق کیا۔

ملاقات میں ترکی میں پاکستان کے سفیر مسٹر سہیل بھی موجود تھے۔ قبل ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترک ایرو سپیس انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو ترک ایرو سپیس انڈسٹریز آمد پر عسکری اور سول ایوی ایشن انڈسٹری کے حوالہ سے ترک ایرو سپیس انڈسٹریز کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔

(جاری ہے)

ترک ایرو سپیس انڈسٹریز نے ہیلی کاپٹرز اور یو اے ویز میں بالخصوص مہارت حاصل کی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے ٹی 129 اٹیک ہیلی کاپٹر کی پرواز کی اور ترک ایرو سپیس انڈسٹریز کی مہارت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ترکی کی تکنیکی مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی تکنیکی اور صنعتی استعداد کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے مابین بامعنی دفاعی تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں۔