ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کی تقاریب ِ تکمیلِ قرآن میں شرکت

قرآن کی تعلیمات ہر شعبے میں بے مثال اور قابل تقلید ہیں۔حمزہ صدیقی

بدھ 21 جون 2017 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) اسلامی جمعیت طلبہ حلقہ گلستان ِنارتھ کراچی ،حلقہ پیراڈائیزاور حلقہ گلستان ِرفیع کے زیر اہتمام اجتماعی تراویح کا انعقاد ہوا۔حلقہ گلستان نارتھ کراچی میں دورہ ِ ترجمہ ِقرآن معہ اجتماعی تراویح کا انعقاد ہوا جب کہ حلقہ پیراڈائس و حلقہ گلستانِ رفیع میں اجتماعی تراویح معہ خلاصہ کا انعقاد ہوا،جن کی تقریب ِ تکمیلِ قرآن سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حمزہ صدیقی نے خطاب کیااور کہا کہ قرآن حکیم رشدو ہدایت کا سرچشمہ ہے، مسلمان قرآن حکیم کی تعلیمات پر غوروفکر کر کے معاشرتی ومعاشی طور پر اپنے آپ کو مستحکم کرسکتے ہیں۔

قرآن کی تعلیمات ہر شعبے میں بے مثال اور قابل تقلید ہیں۔ قرآن نے ہمیں حکم دیاہے پورے پورے اسلام میں داخل ہوجائو۔

(جاری ہے)

لہذا ہمیں اسلام کے تمام آفاقی احکام و ارشادات پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ نفس و شیطان سے روگردانی اور اللہ تعالی کے تمام احکام بجالانے سے بندے پر اللہ کی خاص رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ آج ہم مکمل مسلمان نہیں ہیں، اسلام کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے بجائے انہیں نظرانداز کرتے ہیں۔

دنیائے کفر نے جدید ذرائع ابلاغ اور فلموں اور ڈراموں کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کو بگاڑنے کا ہدف بنایاہواہے۔ایسے حالات میں قرآن مجید کی تعلیمات ہی ہمارے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔تکمیلِ قرآن کی ان تقریبات میں طلبہ سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :