مخالفوں کی ایما پر پی پی پی رہنما زاہد بشیر چوہدری کے فرزند کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، بلاول بھٹو زرداری

ایف آئی اے کے چند اہلکاروں کو نواز شریف کی پرائیویٹ فورس یا اس کے ارکانِ کابینہ بننے سے باز آجانا چاہیئے

بدھ 21 جون 2017 23:07

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیالکوٹ سے پی پی پی امیدوار برائے قومی اسمبلی زاہد بشیر چودھری کے فرزند اور پارٹی کے کارکن حسیب زاہد کی ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اس کی فی الفور رہائی کا مطالبا کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مخالفوں کی ایما پر پی پی پی رہنما کے فرزند کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متنبہ کیا کہ ایف آئی اے کے چند اہلکاروں کو نواز شریف کی پرائیویٹ فورس یا اس کے ارکانِ کابینہ بننے سے باز آجانا چاہیئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ حسیب زاہد کو فی الفور رہا کیا جائے اور پنجاب بشمول سیالکوٹ میں پی پی پی کارکنان کے خلاف جاری مہم کو بند کیا جائے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ زاھد بشیر چودھری کو نشانہ بنانے والے اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے زیادہ کوئی پارٹی اپنے کارکنان کی حفاظت کرنا نہیں جانتی۔