سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ کے دوران جاں بحق پانچ افراد کوہاٹ کے آبائی علاقوں میں سپردخاک

بدھ 21 جون 2017 22:50

کوہاٹ۔21 جون (اے پی پی(سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ کے دوران جاں بحق پانچ افراد کو کوہاٹ کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔جاں بحق تمام افراد قریبی رشتہ دار تھے جو ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھے اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ جاتے ہوئے سفر کے دوران انکی موٹر کار بریک فیل ہونے سے پہاڑی تودے سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سعودی عرب میں کار حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد قادر منیر،زاہد،افسر خان ،عمر فاروق ساکنان سماری اور فاروق شاہ سکنہ سورگل کی میتیں منگل کے روزاپنے آبائی علاقوں کو پہنچائی گئی جہاں جاں بحق تمام افرادکو سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپرد خاک کردیا گیا ۔ٹریفک حادثے میں جاں بحق پانچوں افرادآپس میں قریبی رشتہ دار تھے جو روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھے گزشتہ دنوں عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ جاتے ہوئے کار حادثے میں انکی موت واقع ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

پانچوں افراد کار میں سفرکررہے تھے کہ راستے میں اچانک بریک فیل ہونے کے باعث انکی گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کے قریب پہاڑی تودے سے ٹکر ا گئی تھی جسکے نتیجے میں انکی موٹر کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور اس حادثے میں کار سوار پانچوں افراد کی موقع پر موت واقع ہوگئی تھی۔بعد ازاں انکی لاشوں کو ہسپتال منتقل کرکے سرد خانے میں رکھا گیا تھا اور ایمیگریشن قوانین کی تمام تر کاروائی مکمل ہونے کے بعدانکی میتیں پاکستان منتقل کرکے اپنے آبائی علاقوں میں تدفین کی رسومات رات گئے تک مکمل کرلی گئی اور انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔

مرحومین کے جنازے ایک ساتھ اٹھنے سے علاقے میں کہرام مچ گیا اورپورے علاقے کی فضاء سوگوار رہی۔جنازوں میں مقامی افراد کے علاوہ قریبی علاقوں کے ہزاروں عمائدین نے شرکت کی اور تدفین کے موقع پر اسوقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جب مرحومین کے لواحقین اور رشتہ دار دہاڑے مار مار کر روتے رہے۔