اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی سے نیپال کی سفیر سیوالامثل آدھیکاری کی ملاقات

بدھ 21 جون 2017 22:38

کوئٹہ۔21جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی سے یہاں ان کے چیمبر میں نیپال کی سفیر مس سیوالامثل آدھیکاری نے بدھ کو ملاقات کی۔ اس موقع پر خواتین اراکین اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحق، محترمہ شاہدہ رؤف، محترمہ اسپوژمئی اچکزئی اور ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، وومن کاکس اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے نیپالی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹیز کو فعال کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وومن کاکس تشکیل دیا گیا ہے جہاں پر قانون سازی میں خصوصاً خواتین کو فوکس رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے کہا کہ خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کے لئے بھی مؤثر انداز مین قانون سازی کو یقینی بنایاجارہا ہے۔

اس موقع پر نیپال کی سفیر مس سیوالامثل آدھیکاری نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان آکر انہیں بہت اچھا لگا۔ یہاں کے لوگ محبت اور پیار کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز پر مبنی فرینڈ شپ گروپ قائم کرکے دوطرفہ تعلقات اور آپس کے روابط کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس موقع پر نیپالی سفیر نے بلوچستان کے پارلیمنٹیرینز کو نیپال کے دورے کی دعوت دی۔