ملتان،طوفان و بادوباراں سے متاثرہ 390فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی

بدھ 21 جون 2017 22:32

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) میں گزشتہ روزطوفان بادوباراں سے متاثرہ 390فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ۔میپکو کی بحالی ٹیموں نے مسلسل جدوجہد کرکے انتہائی کم وقت میں بجلی بحال کی ۔ منگل کی شب طوفان سے مظفرگڑھ، ساہیوال، وہاڑی اور ڈیرہ غازی خان کے علاقے زیادہ متاثرہوئے۔ ان علاقوں میں نقصان زیادہ ہونے کی وجہ سے باقی رہ جانے والے 36فیڈرز سے بجلی کی فراہمی افطار سے قبل بحال کردی گئی ۔

132KVشیخ فاضل گرڈاسٹیشن کی چار دیواری بھی تیز آندھی اور بارش سے زمین بوس ہوگئی جبکہ خانیوال، شجاع آباد، جلال پور پیروالہ، خیرپورسادات، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، مظفرگڑھ، لیہ، کوٹ ادو، تونسہ شریف، راجن پور، کبیروالہ، میاں چنوں، چیچہ وطنی، پاکپتن سمیت مختلف شہروں میں 11KVپولز اور ٹرانسفارمرز بھی گر گئے ۔

(جاری ہے)

درجنوں مقامات پر تاریں ٹوٹنے سے میپکو کو بھاری نقصان کا سامنا کرناپڑا ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین کی ہدایات پر طوفان بادوباراں رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کیاگیا جسکی وہ خود مانیٹرنگ کرتے رہے ۔چیف انجینئرز اور سپریٹنڈنگ انجینئرز کی سربراہی میں ایگزیکٹو انجینئرز ، سب ڈویژنل آفیسرز اور لائن سٹاف کی ٹیموں نے رات بارش تھمتے ہی سینکڑوں فیڈرز سے بجلی بحال کی اور پوری رات عملہ فیلڈ میں مصروفِ عمل رہا ۔ طوفان بادوباراں سے متاثرہونے والے علاقوں میں صارفین نے بھی میپکو لائن سٹاف کے ساتھ تعاون کیا اور امدادی کاموں میں حصہ لیا جس کے لئے میپکو اپنے صارفین کی شکر گزار ہے ۔

متعلقہ عنوان :