سیپکو کا بجلی چوروں اور نا دہندگان کے خلاف آپریشن ،2ہزا ر سے زائد کنکشن منقطع ،3افراد گرفتار

بدھ 21 جون 2017 21:46

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) سیپکو کا بجلی چوروں اور نا دہندگان کے خلاف لاڑکانہ میں پولیس کی مدد سے آپریشن، دو ہزار سے زائد غیر قانونی کنیکشن منقطع کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایکسی این لاڑکانہ انجنیئر مشتاق حسین بڑدی کی قیادت میں شہر کی تمام سب ڈویزنز کے ایس ڈی اوز اور واپڈا ملازمین نے پولیس کی مدد سے او پی ایف کالونی، بینک اسکوائر، لاہوری محلہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا اور دو ہزار سے زائد کنڈہ کنیکشن منقطع کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اس موقع پر ایکسی این سیپکو انجنیئر مشتاق حسین بڑدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیپکو کی جانب سے شروع کیے جانے والا آپریشن مسلسل جاری رہے گا، شہر بھر میں غیرقانونی کنیکشن کو منقطع کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف مقدمہ درج کیے گئے ہیں جبکہ نادہندگان کی جانب سے بھی سیپکو کے بقایاجات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کروائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کی مدد حاصل کرلی ہے، موقع پر ہی بجلی چوروں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ مشتاق بڑدی نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں کہیں بھی سیپکو کے ملازمین ملوث ہوئے اور اس کے ثبوت ملے تو انہیں نوکریوں سے برطرف کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :