بجلی کی قیمتوں میں1روپی90پیسے یونٹ کمی سے صنعتی شعبہ کو ریلیف ملے گا‘عارف قاسم

مہنگی بجلی مہنگی پیداوار کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے

بدھ 21 جون 2017 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) تاجر رہنما صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں1روپی90پیسے فی یونٹ کمی کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی شعبہ کو ریلیف ملے گا انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی کے باعث پیداوار ی لاگت بڑھنے سے مہنگی پیداوار کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث برآمدات میں تیزی سے کمی ہورہی ہے اور تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عارف قاسم نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق مستقل بنیادوں پر کیا جائے اور صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی ہوسکے اور ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو۔انہوںنے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے پرائیویٹ پاور پلانٹ پر انحصار کم کیا جائے اور پن بجلی منصوبے شروع کیے جائیں کیونکہ تھرمل بجلی مہنگی جبکہ ہائیڈل بجلی سستی اور عوام اور صنعتکاروں کے مفاد میں ہے ۔

متعلقہ عنوان :