لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالباسط کی دورہ آسٹریلیا کے دوران تاجروں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز

دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان پاور جنریشن، پیکجنگ، پلاسٹک، زراعت، لائیوسٹاک اور فوڈ پروڈکٹس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ ہموار ہوں گی

بدھ 21 جون 2017 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران آسٹریلوی تاجروں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز کی ہیں جو دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان پاور جنریشن، پیکجنگ، پلاسٹک، زراعت، لائیوسٹاک اور فوڈ پروڈکٹس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ ہموار کریں گی۔

لاہور چیمبر کے صدر نے آسٹریلیا میں ہر فورم پر پیغام دیا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین منافع بخش جگہ ہے لہذا آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، کان کنی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، فوڈ پروڈکٹس، چاول،پھلوں و سبزیوں، ٹیکسٹائل اور آٹوپارٹس کے شعبوں میں مل کر کام کرنے سے دونوں ممالک کو بھرپور فائدہ ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں مختلف فورمز کے ذریعے یہ واضح کیا کہ پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے شمار قربانیاں دیں اور بہترین کردار ادا کیا ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ پاور جنریشن، زراعت، لائیوسٹاک، سپورٹس گڈز ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں آسٹریلوی تجربہ اور مہارت پاکستان کے لیے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بالخصوص ڈیری اور لائیوسٹاک سیکٹر بڑی تیزی سے ابھر رہے ہیں جن میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع پیمانے پر مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم تسلی بخش نہیں ہے لہذا اسے بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو آگے آنا اور کردار ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :