چشتیاں ،معمولی بارش نے چیئرمین بلدیہ کی ناقص کارکردگی کا بھید کھول دیا ہے،میاں سکندرفیاض خا ں بھڈیرا

چیئرمین بلدیہ کی نظریں شہری مسائل حل کرانے کی بجائے بلدیہ کی خالی جگہوں پر دکانیں بنا کر مال کمانے پر لگی ہوئی ہیں،تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے راہنما کی میڈیا نمائندوں سے بات چیت

بدھ 21 جون 2017 21:32

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2017ء) تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے راہنما میاں سکندرفیاض خا ں بھڈیرا نے کہا ہے کہ چشتیاں میں معمولی بارش نے چیئرمین بلدیہ کی ناقص کارکردگی کا بھید کھول دیا ہے تحصیل افسران کے دفاتر سمیت گلی محلوں ،کارپٹ سڑکوں ،بازاروں میں بارش کا پانی جمع ہو کر شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ،پینے کے مضر صحت پانی کی سپلائی ،صحت و صفائی کے ناقص انتظامات شہریوں کا مقدربنا دیئے ہیں چیئرمین بلدیہ کی نظریں شہری مسائل حل کرانے کی بجائے بلدیہ کی خالی جگہوں پر دکانیں بنا کر مال کمانے پر لگی ہوئی ہیں اسی وجہ سے چیئرمین بلدیہ نے دیانتدار ،فرض شناس جرات مند چیف آفیسر اللہ نواز گشکوری کا تبادلہ کرادیاہے انہوں نے چشتیاں شہر اور رہائشی کالونیوں کے دورہ کے بعد اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اولیا ء کرام کے شہر چشتیاں میں دولاکھ عوام پینے کے صاف پانی ،صحت وصفائی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں انہوں نے کہا کہ چشتیاں کے بنیادی مسائل حل کرانے اور چیئرمین بلدیہ کی جانب سے دکانیں بنا کر فروخت کرنے کے غیر قانونی اقدامات کو روکنے کے لیے وکلاء ،سیاسی و رکرز ،کونسلرز اور معزز شہریوں پر مشتمل تحفظ چشتیاں کمیٹی بنا دی ہے جو قانونی کاروائی کر سکے گی انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں سے بھی مطالبہ کیا کہ چیئرمین بلدیہ کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں۔