حافظ آباد,بااثر افراد کی بیوہ خاتون کی حویلی پر دھاوا چاردیواری گرادی اینٹیں ساتھ لے گئے

بدھ 21 جون 2017 21:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2017ء) حافظ آباد کے نواحی گائوں ٹھٹھہ ناہرا (ہردوپیپلی )میں بااثر افراد نے مبینہ طور پربیوہ خاتون کی حویلی پر دھاوا بول کر چاردیواری گرادی اور جاتے ہوئے اینٹیں ساتھ لے گئے۔ پولیس تھانہ ونیکے تارڑ نے دو دن گزرنے کے باوجود نہ تو مقدمہ درج کیا اور نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آسکی جس پر بیوہ خاتون سراپا احتجاج بن گئی۔

صفیہ بی بی بیوہ مشتاق احمد نے ٹھٹھہ ناہرا میں اپنی پانچ مرلہ زمین پر مال مویشی کی حویلی بنارکھی تھی۔جہاں مبینہ طور پر 6ملزمان بشارت ، شرافت، عباس، دانش ، محسن اور مصطفیٰ وغیرہ نے ڈنڈے، سوٹوں اور کلہاڑیوں سے دھاوا بول کر حویلی چار دیواری گرادی اور بیوہ خاتون کو قتل اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیںجبکہ ملزمان جاتے ہوئے چاردیواری کے اینٹیں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

جس پر متاثرہ خاتوں صفیہ بی بی نے مقدمہ کے اندراج کے تحریری درخواست پولیس تھانہ ونیکے تارڑ کو دی لیکن دو روز گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہ کرسکی ۔جس پر متاثرہ خاتون صفیہ بی بی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب اور آئی ۔جی پولیس پنجاب سے ملزمان کے خلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں مصروف تفتیش ہیں۔