حافظ آباد, زرعی یونیو رسٹی میں نجی ٹی وی چینلز کی ٹیم پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے

چودھری امتیاز احمد تاج

بدھ 21 جون 2017 21:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2017ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے وائس چیئرمین چودھری امتیاز احمد تاج نے کہا ہے کہ زرعی یونیو رسٹی میں نجی ٹی وی چینلز کی ٹیم پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ ٹی وی چینلنز کو سچ دکھانے کی سزا دی گئی ۔یونیورسٹی کے گارڈز نے فرائض کی ادائیگی کرنے والے نہتے صحافیوں پر بہیمانہ تشد دکیا جو قابل مذمت ہے۔

ان خیالات کا اظہار وہ یہاں صحافیوں کے ایک ہنگامی اجلاس میں مکہ مکرمہ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے جہاں ہرایک میں قوت برداشت ہونی چاہیے اور ہر ایک میں سچ سننے اور برداشت کرنے کی بھی صلاحیت ہونی چاہیے، لیکن زرعی یونیورسٹی کے گارڈز نے صحافتی سرگرمیوں کو ادا کرنے والوں پر جو بد ترین تشدد کیا اُس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی جائیں اور یونیورسٹی کے ذمہ دار عملہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر صحافیوں کو فوری انصاف نہ ملا تو پورے ملک کے صحافی اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے ایگزیکٹو ممبر ملک ہمایوں شہزاد ، سینئر تجزیہ نگار و کالم نگار رانا محمد ارشد انجم سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنھوں نے متفقہ طور پر قرارداد پاس کرتے ہوئے صحافیوں پر ہونے والے تشدد اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی اور ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :