حافظ آباد, کرپٹ کلرک مافیا کا راج،سائلین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا ڈپٹی کمشنر تعینات کر نے کا مطالبہ

بدھ 21 جون 2017 21:11

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2017ء) عوامی احتجاج کے باوجود حافظ آباد میں مستقل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی نہ ہو سکی، قائم مقام ڈپٹی کمشنر کی نااہلی سے تمام دفاتر میں کرپٹ کلرک مافیا کا راج،سائلین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا، فی الفور اہل اور مستقل ڈپٹی کمشنر تعینات کرکے سائلین کی دادرسی یقینی بنانے کا مطالبہ۔

حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر کی سیٹ گذشتہ تقریباً چار ماہ سے خالی چلی آرہی ہے جبکہ یہاں کم گریڈ کا آفیسر قائم مقام ڈی سی کی ڈیوٹی کررہا ہے جس کے باعث تمام محکموں کے دفاتر میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے اور کلرک مافیا سائلین کو لوٹ رہے ہیں۔ مٹھی گرم نہ کرنے والے سائلین روزہ کی حالت میں شدید گرمی کے باوجود دوردراز کے دیہی علاقوں سے کئی کئی چکر لگا کر ذلیل وخوار ہو رہے ہیں جبکہ سائلین کی پہنچ ڈی سی آفس تک نا ممکن بنا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ قائم مقام ڈپٹی کمشنر کی واحد اہلیت یہ ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کی ناک کا بال بنے ہوئے ہیں اوراپنے دفتر بیٹھ کر حکومتی مخالف سیاسی کارکنوں کی ہتک کرنا ان کا معمول ہے۔ عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں پیشہ وارانہ اہلیت رکھنے والے ڈپٹی کمشنرکو فوری تعینات کرکے سائلین کی دادرسی یقینی بنائی جائے۔