ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نفری کی تعداد بڑھائی جائے

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت

بدھ 21 جون 2017 20:33

ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نفری کی تعداد بڑھائی جائے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) عید الفطر کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور آئی جی ریلوے پولیس منیر احمد چشتی کی ہدایت پر ڈی آئی جی شارق جمال خان نے ریلوے پولیس کے تمام ایس پیز کو ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں سیکورٹی کے سخت احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ایس پیز کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہلے سے لگائی گئی نفری کی تعداد کو بڑھا دیا جائے، تما م آنے اور جانے والے مسافروں کو واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے اور میٹل ڈیٹیکٹر سے مکمل طور پر چیک کیاجائے۔

غیر متعلقہ اشخاص کو سٹیشن کی حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ٹرینوں میں اور اہم تنصیبات پر کمانڈوز تعینات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

جمعة الوداع کے موقع پر اور نماز فجر و تروایح کے اوقات میں ریلوے حدود میں واقع مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے۔ سفید پارچات میں بھی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ تمام اسٹیشنوں کی ہمہ وقت چیکنگ کرے گاجبکہ ٹرینوں کی روانگی سے پہلے خالی ریکس کی مکمل چیکنگ بھی کرے گی۔ تمام ایس پیز عید کے دنوں میں اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں موجود رہیں گے اور وقتاً فوقتاً اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سرپرائزچیکنگ کریں گے اور ڈیوٹی میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔

اس کے علاوہ حساس علاقوں میں ریلوے ٹریک اور ٹرینوں کی حفاظت کیلئے ٹریک پٹرولنگ کی جائے گی۔ آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ پاکستان ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے اس کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ عیدالفطرکی آمد آمد ہے ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں بہت زیادہ رش ہوجاتا ہے اس کے پیشِ نظر اس دفعہ ریلوے انتظامیہ نے سپیشل ٹرینیں چلائی ہیں۔ اس موقع پر سماج دشمن عناصرمذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کارروائی کرتے ہیں جن کی روک تھام کیلئے ریلوے پولیس اپناکردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :