جے آئی ٹی متنازعہ ہوگئی‘متنازعہ جے آئی ٹی کے فیصلے لوگ نہیں مانیں گے‘سپریم کورٹ کے ججز کو سوچ سمجھ کرریمارکس دینے چاہیں‘وزیراعظم سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے‘ کرپشن اور ٹیکس چوروں کو پھانسی اور سرعام گولی ماری جائے،احتساب کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بناکر عمران خان‘ راحیل شریف اور مجھے کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے‘ میں نے مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہونا ‘ ن لیگ اور پی ٹی آئی مجھ سے خوش نہیں رہے‘ ان کو خوش بھی نہیں کرنا چاہتا‘تین سال میں موجودہ حکومت نے جو مجھ پر زیادتیاں کی ان کی مثال نہیں ملتی،نوازشریف نے بھی مجھے کبھی خوش ہوکرٹکٹ نہیں دیا،گیارہ مرتبہ عوام نے منتخب کیا

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس

بدھ 21 جون 2017 20:29

جے آئی ٹی متنازعہ ہوگئی‘متنازعہ جے آئی ٹی کے فیصلے لوگ نہیں مانیں ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) سینئرسیاستدان مخدوم جاویدہاشمی نے کہا ہے کہ میرے نزدیک جے آئی ٹی متنازعہ ہوگئی ہے، متنازعہ جے آئی ٹی کے فیصلے لوگ نہیں مانیں گے،سپریم کورٹ کے ججز کو سوچ سمجھ کرریمارکس دینے چاہیں۔وزیراعظم سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ کرپشن اور ٹیکس چوروں کو پھانسی اور سرعام گولی ماری جائے،احتساب کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بناکر عمران خان، راحیل شریف اور مجھے کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔

میں نے مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہونا ، ن لیگ اور پی ٹی آئی مجھ سے خوش نہیں رہے، ان کو خوش بھی نہیں کرنا چاہتا۔ عمران خان کی پارٹی کو آگے جنگ لڑنے کا حق ملنا چاہیے۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حالات میں اداروں کی توقیر نہ رہی تو جمہوریت کو استحکام نہیں رہے گا،سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے بارے میں شکوک وشبہات کا اظہار ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

کچھ دنوں سے بہت سارے ایشوز سامنے آئے ہیں، اداروں کو ان حالات میں محتاط رہنا چاہیے۔نہال ہاشمی نے غلط بات کی لیکن ججز بھی یکطرفہ بات کررہے ہیں۔جج اپنا مقام دیکھیں ،کسی کو گارڈ فادراور کسی کو سسلی مافیا کے ریمارکس دیتے ہیں۔سپریم کورٹ کے ججوں کو کس نے حق دیا کہ بیٹھ کر کمنٹس دیں ۔، ججز اپنا مقام سمجھیں، دنیا میں ان سے بڑی عدالت کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اداروں اور بیوروکریسی نے ملک کے ساتھ زیادتیاں کی ہیں۔ عدلیہ پر اعتماد اٹھ گیا تو قوم کی توقعات کہاں جائیں گی۔ سابق چیف جسٹس تصدیق جیلانی کو ملک کا صدر بنانے کی باتیں کی گئیں لیکن تصدق جیلانی نے صدر بننے کی پیش کش قبول نہیں کی۔عمران خان نے کئی بار کہا کہ تصدق جیلانی ٹھیک جج نہیں دوسراآئے گا وہ اپنا ہے،مجھے توہین عدالت میں بلائیں میں وہاں بات کروں گا۔

میں سپریم کورٹ اور سپیکر کے سامنے میں ہمشیہ سر جھکا کر گزرا ہوں، انہوں نے کہا کہ تین سال میں موجودہ حکومت نے مجھ سے جو زیادتیاں کیں جن کی مثال نہیں ملتی ،میر ے خاندان پر دہشتگردی ایکٹ میں جھوٹے مقدمے کئے گئے۔مقدمات میں دنیا سے رخصت ہو نے والے کزنز کو نامزد کیا گیایہ وزیر اعلی کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ میری جائیدادوں پر بلڈوزرز چلائے گئے۔

ن لیگ اور پی ٹی آئی مجھ سے خوش نہیں رہے، ان کو خوش بھی نہیں کرنا چاہتا، عمران خان مجھے لاہور سے الیکشن لڑانا چاہتے تھے، میں نے لاہور سے نواز شریف کے مقابلے الیکشن لڑنے سے انکار کیا، مجھے کسی سے ٹکٹیں نہیں چاہئیں۔ میرا مستقبل پاکستان اور عوام کے ساتھ ہے، میری جدوجہد متوسط طبقے کے لیے ہے۔ نوازشریف نے بھی مجھے کبھی خوش ہوکر ٹکٹ نہیں دیا۔

مجھے عوام نے 11 مرتبہ منتخب کیا۔ میں نے مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہونا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہماری ماں ہے، ہم اسے بے توقیر کرنا چاہتے ہیں،ہم اپنی آئی ایس آئی اور فوج کے حق میں ہیں، آئی ایس آئی ملک کے دفاع کا سب سے بڑا پلر ہے۔ جو غلطیاں سول معاملات میں ہوئیں طاقت کس کو دکھائیں گے۔ پرویز مشرف تلنگا اور چھٹ بیٹھیا ہے۔ نواز شریف کی پرویز مشرف کو روکنے کی ہمت نہیں ہوئی۔

پرویز مشرف کو باہر بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار مسلسل دوسری پارلیمنٹ مدت پوری کررہی ہے، ملک میں پارلیمانی نظام اور اور اس کا تسلسل ضروری ہے۔۔انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا کوئی نظام نہیں ہے۔ نیب کی کو کوئی حیثیت نہیں ہے۔ احتساب کے لیے قوانین سخت سے سخت سے بنائے جائیں، فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دیا جائے ، عمران خان، راحیل شریف اور مجھے کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔

،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کی جنگ میری جنگ ہے، ملک کا سب سے بڑا اور پہلا مسئلہ کرپشن ہے، ملتان، کرپشن اور ٹیکس چوروں کو پھانسی اور سرعام گولی ماری جائے۔، نواز شریف، حسین نواز سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ تمام برسراقتدار لوگوں کا احتساب ہونا چاہئے، عمران خان نے میرے خلاف غلط باتیں کیں ان کو معافی مانگنی پڑے گی۔ میرا مالی حساب کا ریکارڈ موجود ہے، میں اپنا گھر بھی بیچنے کے لیے رکھا ہوا ہے۔