چشتیاں،ضلعی انتظامیہ کی غفلت سے نواحی علاقوں کے گلیاں اور بازار تالاب کی شکل اختیار کر گئے

بدھ 21 جون 2017 20:20

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء)انتظامیہ میونسپل کمیٹی کی غفلت اور لا پرواہی کی بناء پر شہر اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارش کے بعد نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی بناء پر شہر کے بازار اور نواحی علاقوں کی گلیاں محلے تالاب کی شکل اختیار کر گئے ۔ بلدیہ کالونی ، مسلم ٹائون ، کالج روڈ ، ہائی وے روڈ ، تھانہ سٹی روڈ ، کچہری روڈ ، میلاد چوک، جامعہ بازار اور دیگر مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہونے سے موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی ڈنگ ٹپائو پالیسی کی بناء پر نکاسی آب کے لیے بروقت انتظامات نہ کرنے پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔بارش اور سیوریج کا پانی پینے کے پانی کی لائنوں میں شامل ہو کر گھروں میں سپلائی ہو رہا ہے ۔بارش او رسیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر میونسپل کمیٹی کی کار کردگی کا پول کھل گیا ہے ۔چشتیاں کے کاروباری ، تجارتی اور سماجی حلقوں نے چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے اپنے مطالبے میں کہا ہے کہ بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا فوری نوٹس لے کر تاجروں اور شہریوں کی پریشانی ختم کی جائے ۔