چینی وزیر خارجہ وان ژی پاکستان کے دو روزہ دورے پر چوبیس جون کو اسلام آباد پہنچیں گے

پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ افغانستان میں امن مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کرینگے چینی وزیر خارجہ اسلام آباد کے دورے سے پہلے کابل جائینگے ،ْ افغان رہنمائوں سے امن مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرینگے

بدھ 21 جون 2017 20:10

چینی وزیر خارجہ وان ژی پاکستان کے دو روزہ دورے پر چوبیس جون کو اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) چین کے وزیر خارجہ وان ژی پاکستان کے دو روزہ دورے پر چوبیس جون کو اسلام آباد پہنچیں گے اور پاکستانی رہنمائوں کیساتھ افغانستان میں امن مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کرینگے ۔وزارت خارجہ کے ذرائع نے’’ این این آئی ‘‘ کو بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وزیر اعظم کے امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز سے باضابطہ مذاکرات کرینگے ۔

دریں اثناء افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ اسلام آباد کے دورے سے پہلے کابل جائینگے اور ایک روزہ قیام کے دوران افغا ن رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ امور کے علاوہ امن مذاکرات کے حوالے سے بھی گفتگو کرینگے ۔چینی وزیر خارجہ کا دور ہ قزاقستان کے شہر آستانہ میں وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی ملاقات کے دو ہفتے بعد ہورہاہے جس میں دونوں رہنمائوں نے افغان مسئلے کے حل کیلئے چار رکنی گروپ بحال کر نے پر اتفاق کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس گروپ میں چین ،ْ پاکستان ،ْ افغانستان اور امریکہ شامل ہیں اور تقریباً ایک سال سے غیر فعال ہو چکا ہے یاد رہے کہ گزشتہ سال 21مئی کو امریکی ڈرون حملے میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کے جاں بحق ہونے سے تین دن پہلے اسی گروپ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا لیکن امریکی ڈرون حملے کے بعد یہ سلسلہ رک گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق آستانہ میں وزیراعظم اور افغان صدر کی ملاقات چینی کوششوں سے ممکن ہوئی تھی ۔چین کوشش کررہاہے کہ بہت جلد پاکستان ،ْ افغانستان اور چین کی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کرے ۔