سوپور میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو سید علی گیلانی کا خراج عقیدت

بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ریاست میں انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے

بدھ 21 جون 2017 19:43

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پازال پورہ سوپور میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںشہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ریاست میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں پامپور میں شہید عادل احمدمیر کی یاد میں منعقد کی جانے والی تعزیتی مجلس پر بھارتی پولیں کی طرف سے دھاوا بولنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے شہیدوں کی لاشوں پر ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے کسی شوق یا مشغلے کے طورپر بندوق نہیں اٹھاتے ہیں بلکہ کشمیریوں کی سیاسی اور پُرامن جدوجہد کے خلاف بھارتی حکمرانوں کے رویے نے اس صورتحال کو جنم دیا ہے اور یہی رویہ ریاست میں خون خرابے کا ذمہ دار ہے۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے کہا کہ ہمارے بچے قوم کے بہترکل کے لیے اپنی زندگیاں قربان کررہے ہیں اور ہم پر ایک بھاری ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کی قدر کریں اور اس مشن کو حصولِ مقصد تک جاری رکھیں جس کے لیے آج تک 6لاکھ انسانوں کی جانیں چلی گئی ہیں۔

سید علی گیلانی نے شہید نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور اجرعظیم کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :