فاطمہ جناح ایوارڈ کی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

بدھ 21 جون 2017 18:37

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام فاطمہ جناح ایوارڈ کی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،زندگی کے مختلف شعبوں میں محنت سے نمایاں مقام حاصل کرنے والی خواتین کو فاطمہ جناح ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے -محکمہ ترقی خواتین پنجاب نے اس سال ’’وویمن ایمپاورمنٹ‘‘ تھیم کے تحت تعلیم ، آرٹ ، ثقافت، کھیل اور سماجی خدمات انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈ دینے کی منظوری دی،اس سال تین کیٹیگریز فاطمہ جناح وویمن آف دی ایئر، فاطمہ جناح یوتھ ایوارڈ اور فاطمہ جناح ایکسیلنس کے تحت ایوارڈ دیا جارہا ہے،وویمن آف دی ایئر ایوارڈ کے لئے مجوزہ معیار کے تحت اپنے شعبے میں کم از کم دس سال بہترین مہارت و تجربہ ضروری ہے،یوتھ ایوارڈ کے لئے 15سے 29سال کی عمر تک کی لڑکیاں /خواتین جنہوں نے آرٹ ، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی ، کرافٹ ، موسیقی اور کھیل کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو جبکہ ایکسیلنس ایوارڈ کے لئے خاتون امیدوار نے اپنے شعبے میں ترجیحا 20سال قابل قدر خدمات سرانجام دی ہوں،حکومت پنجاب نے خواتین پیکیج 2016 کے تحت قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والی خواتین کی خدمات کے اعتراف کے طور پر فاطمہ جناح ایوارڈ کا اجراء کیا ہی-