سجاول میں عیدسے قبل صفائی کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

بدھ 21 جون 2017 18:30

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) سجاول میں عیدسے قبل صفائی کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیاہے ، شہرمیں متعدد مقامات اور کاروباری علاقوں میں گٹر ابلنے اور گندگی سے شہری پریشان ہیں ، شہرکے کئی راستوں پر گٹر کا پانی کھڑا ہونے سے راستے بند ہوگئے ہیں جہاں سے شہریوں کا گذر بند ہے ، ماہ صیام میں گٹروں کی صفائی کا کام موقوف کردیاگیاہے ، گندگی کی وجہ سے شہرمیں مچھروں اور آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی ہے ،اور شہری مختلف امراض کا شکارہورہے ہیں ، جبکہ بچوں کی اکثریت بخار اور دیگر امراض میں مبتلاہے ،ٹائون کمیٹی سجاول کی جانب سے مقامی کونسلرز کو عید سے قبل ترقیاتی کام کے لئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ من پسند ٹھیکیداروں کو مقرر کرکے ترقیاتی کام کے بجائے کھنڈر بنانے کا کام شروع کردیاگیاہے ، کئی علاقوں کو مکمل طور پر نظرانداز کرکے غیرضروری کھدائی کرکے شہریوں کو پریشان کیاجارہاہے ، علاوہ ازیں بغیرکسی فزیبلٹی اور نگرانی کے گٹرنالیوں کو روڈ کے اوپر تعمیرکرانے کی خانہ پری کی جارہی ہے ،دوسری جانب شہرمیں مختلف مقامات پر گٹروں کے روڈکراس لینٹر ٹوٹ چکے ہیں اور ان میں روزانہ بچے اور خواتین گرکر زخمی ہورہے ہیں تاہم ان کی تعمیرکو بھی نظرانداز کردیاگیاہے ،ذرائع کا کہناہے کہ ٹائون کمیٹی سجاول میں اقرباء پروری کے تحت عید سے قبل فنڈز تقسیم کرکے جیالوں کو عیدی کے طور پر ٹھیکے جاری کئے گئے ہیں ،مقامی شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ شہرمیں گٹروں کی صفائی ستھرائی کراکے ایک ترتیب سے کام کرایاجائے تاکہ نکاسی آب کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے ۔