آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ،مالی سال 2017-18پر بحث جاری

آزادکشمیر کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ 25ارب روپے کا پیش کیا گیا ہے، مشتاق منہاس وزیراعظم نوازشریف کا آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کرنا آزادکشمیر کے عوام کیساتھ گہری وابستگی کا مظہر ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

بدھ 21 جون 2017 17:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز دوسرے سیشن میں سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی زیر صدارت جاری رہا۔ اجلاس میں مالی سال 2017-18پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ ایک اچھا، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیرخزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکبادپیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بار آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ 25ارب روپے کا پیش کیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کا آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کرنا آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ گہری وابستگی کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگناکرنے پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے شکر گزار ہیں اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی دن رات محنت سے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب آزادکشمیر میں جمہور کا راج ہو گا اور تعمیروترقی کے میگا پراجیکٹس شروع ہوں گے جس سے خطہ کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبہ جات میں خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ آزادکشمیر میں این ٹی ایس کے نفاد سے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں سے میرٹ بحال ہو گا اور ایک عام آدمی کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور ریاست میں معیار تعلیم میں مزید بہتری آئے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کو قائد مسلم لیگ میاں نوازشریف کے ویژن اور جماعت کے منشور کی وجہ سے ووٹ ملے ہیں۔ مشتاق منہاس نے کہا کہ جب ہماری حکومت بنی تو اداروں سے لوگوں کا اعتماد اٹھ چکا تھا آج بھمبر سے لے کر تاؤبٹ تک جو بھی فنڈز ممبران اسمبلی کو دیئے گئے ہیں وہ زمین پر خرچ ہو رہے ہیں۔ جو ہر محلے اور وارڈ کے اندر نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں نظام بہتر ہوا ہے تو یہ کریڈٹ فاروق حیدر خان کی حکومت کو ہی جاتا ہے آج ہسپتالوں میں جا کر محسوس ہوتا ہے کہ تبدیلی آئی ہے۔ محکمہ تعلیم میں آج تک ایک بھی تبادلہ انتقامی سطح پر نہیں ہوا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ میں آج دعوی کرتا ہوں کہ آزادکشمیر میں کوئی مائی کا لال مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں کر سکتا ۔ مہاجرین کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں کچھ لوگ ویسے ہی مہاجرین کی نشستوں کے معاملہ کو اچھال رہے ہیں۔

ہم مہاجرین کے مسائل کے ازالہ کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔ مہاجرین کی نشستوں کی وجہ سے ایوان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور کسی بھی جگہ مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ آج آزادکشمیر میں بہتری کی ایک جھلک نظر آ رہی ہے۔ ماضی میں ملازمین کے ساتھ زیادتیاں کی گئیں آج ملازمین میںاعتماد کی فضاء قائم ہے اور ملازمیں اپنے فرائض اعتماد کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت کے کارکن ہمارا اثاثہ ہیں آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کو تاریخی مینڈیٹ کارکنوں کی وجہ سے ملا ہے اگر ان میں احساس محرومی ہے تو اس کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین دفاتر میں آنے والے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ تاکہ لوگوں کو حکومت پر اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کرکٹ میچ جیتنے پر مقبوضہ کشمیر میں جشن منایا گیا اس پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبے اور کمٹمنٹ کی مثال دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی۔ سات لاکھ افواج کی موجودگی میں برہانی وانی کی شہادت سے لے کر آج تک کشمیریوں نے جدوجہد آزادی تیز سے تیز تر جاری رکھی ہوئی ہے۔