چینی وزیرخارجہ انتہائی اہم دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے

وانگ یی امن مشن پر کابل روانگی سے قبل آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی ملاقات کرینگے پاکستانی ہم منصب سے مذاکرات میں سی پیک سے متعلق امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے ، ذرائع وزارت خارجہ

بدھ 21 جون 2017 15:48

چینی وزیرخارجہ انتہائی اہم دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) توقع ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی باہمی دلچسپی کے متعدد اور بالخصوص علاقے میں امن و سلامتی سے متعلق امور کے بارے میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے تبادلہ خیال کیلئے ہفتے کو پاکستان کا دورہ کریں گے، توقع ہے کہ خارجہ امور سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کرنے کے علاوہ چینی وزیرخارجہ امن مشن پر کابل روانہ ہونے سے قبل فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے ،یہاں کے سرکاری ذرائع نے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کے پس منظر میں ان کے اس دورے کو انتہائی اہم قراردیا ہے ، توقع ہے کہ مذاکرات کے دوران چین ۔

(جاری ہے)

پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک ) سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے ، چین ، پاکستان اور افغانستان میں اپنے کئی ملین ڈالر کے منصوبو ں کے خوش اسلوبی سے کام کرنے کو یقینی بنانے کیلئے علاقے میں امن کے بارے میں فکر مندہے ۔وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’’ وہ دونوں ممالک میں امن چاہتے ہیں ، وہ ہمیشہ مددگار ثابت ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کیلئے ہماری کوششوں کا ساتھ دے سکتے ہیں ‘‘۔