نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی صدر لیاقت حیات خان کی لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی سے ملاقات

عید کے روز تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ پر دھرنے میں شرکت کی دعوت‘لبریشن فرنٹ ضلع پونچھ کے کارکن دھرنے میں بھرپور شرکت کرینگے‘ دونوں راہنمائوں کا مختلف ایشوز پر مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق

بدھ 21 جون 2017 15:43

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی صدر لیاقت حیات خان کی لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی سے ملاقات۔عید کے روز تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ پر دھرنے میں شرکت کی دعوت۔لبریشن فرنٹ ضلع پونچھ کے کارکن دھرنے میں بھرپور شرکت کرینگے۔ دونوں راہنمائوں کا مختلف ایشوز پر مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق۔

عید کے بعد دونوں جماعتوں کے راہنمائوں کا مشترکہ اجلاس ہوگا۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی صدر سردار لیاقت حیات خان نے یہاں کوٹلی میں لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں راہنمائوں نے قومی آزادی کی تحریک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

نیشنل عوامی پارٹی کے صدر نے عید الفطر کے روز انکی جماعت کی طرف سے سیز فائر لائن پر ہونے والی گولہ باری اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میںجاری قتل و غارت اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے خلاف دیے جانے والے احتجاجی دھرنے میں لبریشن فرنٹ کو دعوت دی۔ اس موقع پر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے نیپ کے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ لبریشن فرنٹ ضلع پونچھ اور بالخصوص تحصیل ہجیرہ کے کارکنان اس دھرنے میں بھرپور شرکت کرینگے۔

ملاقات میں دونوں راہنمائوں نے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے قومی آزادی کی تحریک کو لاحق اندرونی اور بیرونی خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں راہنمائوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کچھ تحریک دشمن عناصر قابضین کے ایجنڈے کو فروغ دیتے ہوئے قومی آزادی کی تحریک، آزادی پسند تنظیموں بالخصوص جدوجہد کی راہنمائی کرنے والے قائدین کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ مہم چلا رہے ہیں اور جھوٹے الزامات، کرادر کشی اور بیہودگی کے ذریعے تحریک کی صفوں میں کنفیوژن اور انتشار پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔

دونوں راہنمائوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ اور نیشنل عوامی پارٹی کے کارکنان ایسے تنظیم و تحریک دشمن عناصر کا محاسبہ کریں اور تحریک کی تمام تر نزاکتوں اور ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے اپنی صفوں کو مضبوط اور منظم کریں۔دونوں راہنمائوں نے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ عید الفطر کے بعد دونوں تنظیموں کے راہنمائوں کا ایک مشترکہ اجلاس بلایا جائیگا جس میں مستقبل کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ملاقات میں نیشنل عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اظہر کاشر، سینئر راہنما سردار اعجاز خان اور ناصر مسعود بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :