امریکہ کا شام میں ایرانی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

ایف پندرہ جنگی طیارے نے مسلح ڈورن کو اس وقت نشانہ بنایا جب ایسے آثار ملے کہ یہ ڈرون حملہ کرنے والا تھا،پینٹاگون

بدھ 21 جون 2017 15:31

امریکہ کا شام میں ایرانی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ
․واشنگٹن /دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2017ء) امریکہ نے شام میں ایرانی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے کہا ہے کہ شام میں ایرانی ساختہ ایک ڈرون طیارے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان نے بتایا کہ امریکا کے ایک ایف پندرہ جنگی طیارے نے اس مسلح ڈورن کو اس وقت نشانہ بنایا، جب ایسے آثار ملے کہ یہ ڈرون حملہ کرنے والا تھا۔

امریکا نے دعوی کیا ہے کہ یہ ڈورن طیارہ ایران کا تھا۔ امریکی فوج نے ابھی حال ہی میں الرقہ کے نزدیک ایک شامی جنگی طیارہ بھی مارا گرایا تھا، جس کا پائلٹ ابھی تک لاپتہ ہے۔ اس پیشرفت پر ماسکو، تہران اور دمشق نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔دوسری جانب برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ائیرفورس نے ایران سے متصل سرحدی ضلع پنجگور میں تہران کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے دعوی کیا کہ ایرانی ڈرون نے چونکہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد پاکستانی جیٹ طیاروں نے اسے مار گرایا۔ان ذرائع نے بتایا کہ ڈرون کے ڈھانچے کو بذریعہ روڈ کسی قریبی چوکی تک منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ایرانی ساخت کے ڈرون کے گرائے جانے کی تصدیق کے لیے ایرانی حکام سے رابطہ نہیں ہو سکا۔بلوچستان کے ایران کے ساتھ پانچ اضلاع کی سرحدیں لگتی ہیں۔ ان اضلاع میں چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر شامل ہیں۔