شریف خاندان احتساب کے کڑے امتحان سے سرخرو ہوگا، چاند بی بی

بدھ 21 جون 2017 15:20

شریف خاندان احتساب کے کڑے امتحان سے سرخرو ہوگا، چاند بی بی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد سے نومنتخب چیئرپرسن یوسی35 اور وومن اسلام آ باد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی ممبر چاند بی بی نے کہا ہے کہ شریف خاندان احتساب کے کڑے امتحان سے گذر رہا ہے جس میں وہ سرخرو ہوگا، جھوٹ کی سیاست سے عوام کو زیادہ دیر بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، ان کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتشار اور افراتفری کی سیاست کرنے کی کوئی گنجائش نہیں جن سیاسی عناصر نے منفی سیاست کے ذریعے ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی وہ اب تنہا کھڑے ہیں، آئندہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایک بار پھر عوام کی طاقت سے کامیابی ملے گی۔

(جاری ہے)

جاری بیان میں چاند بی بی نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اورعوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سیاست کانصب العین ہے،شورشرابے اور بے جامخالفت کی سیاست کرنیوالے ملک وقوم کی کوئی خدمت نہیں کررہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورعوامی خدمت کے ایجنڈے کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں۔

مسلم لیگی رہنما چاند بی بی نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف ورثے میں ملے ہوئے مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانے کی پوری کوشش کررہے ہیں، مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے قیام کے بعد ملکی معیشت کا پہیہ آگے کی جانب گھوم رہا ہے،عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والی سابقہ حکومت اقتدارحاصل کرنے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہی ہے جس میں وہ بُری طرح ناکا م ہوگی،عوام کی طرف سے کئی بار مستردکی ہوئی تحریک انصاف سابقہ مشن صرف اور صرف انتشار پھیلانا چاہتی ہے جسے باشعور عوام اچھی طرح جان چکے ہیں۔