قائد مسلم لیگ (ن) و وزیراعظم محمد نوازشریف نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر ذاتیات کی سیاست کا خاتمہ کیا،بیگم شاہدہ قدیر

بدھ 21 جون 2017 15:20

قائد مسلم لیگ (ن) و وزیراعظم محمد نوازشریف نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آبادکی سینئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) و وزیراعظم محمد نوازشریف نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر ذاتیات کی سیاست کا خاتمہ کیا، شریف فیملی کا پہلے بھی کئی بار احتساب ہوچکا ہے، مایوس سیاست دان 2018ء میں بھی مایوسی کا شکار ہی رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بدل رہا ہے مگر بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ کا ہر دور میں احتساب ہوا ہے اور ہمارے قائدین ہمیشہ ہر بحران سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں، آئندہ بھی مخالفین کے ہاتھ سوائے شرمندگی کے کچھ نہیں آئے گا۔ بیگم شاہدہ قدیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت ان کی ذات کی کردار کشی کی جا رہی ہے لیکن پوری پاکستان قوم کو معلوم ہے کہ اس وقت لیڈر شپ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے جو نواز شریف کی صورت میں ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں حقیقی سیاست کی بجائے ذاتیات کی سیاست کر رہی ہیں لیکن اس میں بھی ان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے والے اب تنہا کھڑے ہیں، ہم نے نوٹوں اور لوٹوں کی نہیں اقدار کی سیاست کی ہے، آنے والا دور بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی۔ بیگم شاہدہ قدیر نے کہا کہ پاکستانی قوم باشعور ہے وہ اچھی طرح سمجھتی ہے کہ ملک و قوم کی خدمت کون کر رہا ہے، مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی تو انقلابی کام کئے، موٹروے تعمیر کرتے وقت مخالفین نے مخالفت کی لیکن آج موٹروے اور میٹر وبس کے ذریعے سفری سہولیات فراہم ہورہی ہیں، مخالفین کے پاس عوام کی فلاح کاکوئی ایجنڈا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے منفی اور الزامات کی سیاست کو فروغ دے کر ملک کا نقصان کیاہے جس طرح پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کو عبرناک شکست دی ہے اسی طرح آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ بھی تحریک انصاف کو ناک آئوٹ کرے گی۔