Live Updates

عالمی بینک نے زر مبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی‘جمشید اقبال چیمہ

ٹیکسٹائل سیکٹرنے یوم سیاہ منا کر حکومت کی معیشت کی ترقی کے دعوئوں کا پوسٹمارٹم کردیا ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

بدھ 21 جون 2017 14:44

عالمی بینک نے زر مبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عالمی بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے رپورٹ جاری کر کے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے ،حکمران وقتی فوائد حاصل کیلئے جو کارنامے سر انجام دے رہے ہیں اس کا خمیازہ ملک اور قوم کو بھگتنا پڑے گا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

ٹیکسٹائل سیکٹرنے یوم سیاہ منا کر حکومت کی معیشت کی ترقی کے دعوئوں کا پوسٹمارٹم کردیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکمران ملک کے وسائل پر ہاتھ صاف کر رہے ہیںجبکہ نظام چلانے کے لئے بھاری سود پر اربوں ،کھربوں کے قرضے لئے رہے ہیں جو آنے والے سالوں میں قوم کے گلے کا پھندا بن جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکمران زر مبادلہ کے ذخائر بڑھنے پر بغلیں بجا رہے تھے جبکہ عالمی بینک نے رپورٹ شائع کر کے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔

وہ دن دور نہیں جب مصنوعی معیشت کا دھڑن تختہ ہو جائے گا اور اس سے ملک اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف زراعت، صنعتوں اور معیشت کی ترقی کاجامع منصوبہ رکھتی ہے اور انشا اللہ اقتدار میں آکر اس پر بلا تاخیر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات