حریت رہنمائوں کا شوپیان اورکولگام میںشہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

بھارتی فوج کے سربراہ اور حکمرانوں کے دھمکی آمیز بیانات کے بعد کشمیریوں کی شہادتوں میں اضافہ ہواہے

بدھ 21 جون 2017 12:49

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی اور تحریک حریت کے رہنما محمد یوسف مکرو پر مشتمل ایک وفد حال ہی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں ناصر احمد اور جنید احمد متو کے گھر ہیف شوپیان اور کھڈونی کولگام گیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اس موقع پر شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں وکشمیر میں انسانی خون بہانے کی پالیسی ا ختیار کررکھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پرامن مظاہرین پر بے تحاشا گولیاں چلا کر ارض کشمیر کو معصوموں کے خون سے لالہ زار بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں سے منحرف ہوکر برصغیر کوایک دلدل میں پھنسادیا ہے جہاں جنگ اور تباہی کے سوا کوئی راستہ نظر نہیں آتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر کو انصاف، حقائق، اصولوں اور تاریخی پسِ منظر کو مدنظررکھتے ہوئے حل کرنے کے بجائے اسے فوجی طاقت سے حل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کے حکمران توسیع پسندانہ عزائم کے تحت جموں وکشمیر پر ہمیشہ قابض رہنا چاہتے ہیں اور انکی یہ سوچ برصغیر کے اربوں لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی حکمرانوں نے کشمیری عوام کے خلاف کھلی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ اور حکمرانوں کے دھمکی آمیز بیانات کے بعد کشمیریوں کی شہادتوں میں اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد مبنی برحق ہے اور بھارت نے ریاست پر فوجی قبضہ کررکھا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت کے جبری قبضے کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :